• news

پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف قربانیاں قابل تحسین‘ برکس اعلامیہ میں نیا مطالبہ نہیں کیا گیا: چینی سفیر

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی) پاکستان میں تعینات چینی سفیر سن وی ڈونگ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے حوالے سے چینی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی جبکہ برکس اعلامئے میں پاکستان سے کوئی نیا مطالبہ نہیں کیا گیا۔ جی ایچ کیو میں یوم دفاع کی تقریب میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ علاقائی چیلنجز کے حوالے سے چین اور پاکستان مسلسل رابطے میں ہیں جبکہ پاکستانی وزیر خارجہ کا کل ہونے والا دورئہ بیجنگ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی پالیسی اور برکس اعلامئے کے تناظر میں ہے۔ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیاں قابل تحسین ہیں اور چین دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے مؤقف کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ چینی سفیر کا کہنا تھا کہ برکس اعلامئے میں ان تنظیموں کی بات کی گئی جو پہلے ہی کالعدم قرار دی جاچکی ہیں جبکہ اعلامئے میں پاکستان سے کوئی نیا مطالبہ نہیں کیا گیا۔ چین نے برکس اعلامیے میں پاکستان کو نشانہ بنائے جانے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشترکہ اعلامیے میں پاکستان کو دہشت گردی کے مسئلے پر کسی بھی طرح سے نشانہ نہیں بنایا گیا اور نہ ہی اعلامیے کے متن میں پاکستان کاذکر کیاگیا ہے۔ چین کے سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ برکس کے مشترکہ اعلامیے میں بیان کردہ دہشت گرد تنظیموں کو اقوام متحدہ کی طرف سے درج کیا گیا تھا اس میں کچھ بھی نیا نہیں۔ چین اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ دہشت گردی کو کسی مخصوص ملک یا مذہب سے منسلک نہیں کرنا چاہیے۔

ای پیپر-دی نیشن