ورلڈن الیون کا دورہ : صدر ، وزیراعظم ، آرمی چیف کو میچ دیکھنے کی دعوت ، سمیع الحسن میڈیا منیجر مقرر
لاہور(سپورٹس ڈیسک )کرکٹ کی عالمی تنظیم انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے سمیع الحسن کو پاکستان کا دورہ کرنے والی ٹیم ’ آئی سی سی ورلڈ الیون‘ کا میڈیا منیجر مقرر کردیا۔سمیع الحسن آئی سی سی کے میڈیا اینڈ کمیونیکیشن کے سربراہ کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق مختلف ممالک کے کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم ’آئی سی سی ورلڈ الیون‘ کے کھلاڑی متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں آج اورکل جمع ہوں گے جہاں وہ ایک ٹیم کی شکل میں پریکٹس سیشن میں حصہ لیں گے۔ ورلڈ الیون ٹیم رواں ماہ 11 ستمبر کی صبح لاہور پہنچے گی اور اسی دن کپتان فف ڈوپلیسی لاہور میں پریس کانفرنس کریں گے۔مہمان ٹیم لاہور میں 11 ستمبر کو ہی پریکٹس سیشن میں حصہ لے گی ۔آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن بھی 15 ستمبر کو سیریز کا آخری ٹی ٹوئٹی میچ دیکھنے کے لیے لاہور آئیں گے۔جائلز کلارک ورلڈ الیون ٹیم کے ہمراہ ہی لاہور آئیں گے اور وہ اس دورے کے دوران ٹیم کے ساتھ موجود ہوں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے صدر مملکت ممنون حسین ‘ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو بھی میچ دیکھنے کے لیے سٹیڈیم آنے کی دعوت دے دی۔ ذرائع کے مطابق بین الاقوامی کرکٹ ٹیموں کے بورڈز کے کچھ سربراہان بھی لاہور آئیں گے جو پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان ہونے والے میچز کے دوران سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سمیع الحسن کی خدمات پاکستان کرکٹ بورڈ کی درخواست پر آئی سی سی نے سونپی ہیں۔ورلڈ الیون دبئی میں2 دن پر یکٹس کرنے کے بعد 10ستمبر کی رات دبئی سے لاہور کے لئے روانہ ہوگی اور گیارہ ستمبر کو صبح 3بجے لاہور پہنچے گی۔صبح گیارہ بجے فف ڈوپلیسی مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کریں گے جبکہ شام کو پہلا پریکٹس سیشن ہوگا۔