دشمن کے منصوبوں کو ناکام بنائیں گے: احسن اقبال‘ دفاع کےلئے متحد ہیں: سعد رفیق
اسلام آباد/لاہور (خبر نگار خصوصی + خبر نگار) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ دشمنان وطن ارض پاک میں بد امنی اور انتشار پھیلانے کی کوششیں کر رہے ہیں ، ہم دشمن کے منصوبوں کو ناکام بنائیں گے۔ یوم دفاع پر اپنے پیغام میں وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہاکہ آج کا دن ہمیں اپنے اندرونی اور بیرونی دشنوں کو یہ باور کرانے کا دن ہے کہ پاکستانی قوم کسی بھی دشمن طاقت کو دندان شکن جواب دینے کے لئے متحد ہے۔ انہوں نے کہاکہ دشمنان وطن ارض پاک میں بد امنی اور انتشار پھیلانے کی کوششیں کر رہے ہیں آیئے عہد کریں کہ ہم دشمن کے منصوبوں کو ناکام بنائیں گے اور متحد ہو کر پاکستان کو دنیا میں صف اول کی معیشت بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہم کسی ملک میں مداخلت نہیں چاہتے اور نہ اس بات کی اجازت دے سکتے ہیں کہ پاکستان کی جغرافیائی حدود میں مداخلت کی جائے۔لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ پوری قوم دفاع پاکستان کے لیے متحد ہے اور پاکستان کی مسلح افواج طاقتور اور منظم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میانمار میں مسلمانوں پر جو قیامت توڑی جارہی ہے اس کو بند کیا جائے، برمی مسلمانوں کی آواز عالمی فورم پر پہچانے کے لیے حکومت اپنا کردار ادا کرے گی۔ پاکستان کے دشمن سن لیں‘ دفاع پاکستان کےلئے پوری قوم متحد ہے‘ پاکستان کو ڈو مور کہنے والے ہماری قربانیوں کا اعتراف کریں۔
احسن اقبال/ سعد رفیق