فیصل آباد، ساہیوال‘ سمبڑیال‘ رینالہ خورد، قصور: 2 خواتین سمیت 5 افراد کی خودکشی
فیصل آباد+ ساہیوال+ سمبڑیال+ رینالہ خورد + قصور (نمائندہ خصوصی+نامہ نگاران) گھریلو حالات سے دلبرداشتہ چھٹی جماعت کے طالب علم اور دو خواتین سمیت 5 افراد نے خودکشی کرلی۔ فیصل آباد کے علاقے مظفر کالونی گلی نمبر 28 کی زبیدہ کی فرقان سے شادی ہوئی تھی۔ دونوں میں اکثر جھگڑا رہتا تھا جس سے دلبرداشتہ ہو کر زبیدہ پاکستان ایکسپریس کے سامنے کود گئی۔ واضح رہے خاتون کی گمشدگی کے متعلق اسکے شوہر نے اشتہار بھی دیا تھا۔ رینالہ خورد کے حسن ٹاﺅن کے 22 سالہ محمد عدنان نے نامعلوم وجوہات کی بناءپر زہریلی گولیاں کھا لیں جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال لیجایا گیا‘ معدہ واش کرنے کے بعد اسے گھر بھیج دیا گیا لیکن گھر میں چند منٹ رہنے کے بعد وہ ہچکیاں لیتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا۔ تھانہ بیگووالہ کے موضع دوبرجی چندا سنگھ کے رہائشی 50 سالہ شخص محمد نواز نے گھریلو ناچاقی سے تنگ آکر زہریلی گولیاں کھا لیں جسے تشویشناک حالت میں سول ہسپتال لایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکا۔ ساہیوال کے نواحی قصبہ نورشاہ میں محمد ارشد کے بیٹے چھٹی جماعت کے طالب علم طیب نے اپنی والدہ سے پیسوں کا تقاضا کیا‘ والدہ نے پیسے دینے سے انکار کر دیا جس پر طیب دلبرداشتہ کمرے میں کنڈی لگاکر گلے میں پھندا لیکر خودکشی کرلی۔ قصور میں 38 سالہ بیوہ خاتون بشیراں بی بی کا ذہنی توازن ٹھیک نہ تھا۔ گزشتہ روز وہ گھر میں اکیلی تھی کہ اس نے خود پر تیل چھڑک کر آگ لگا لی۔
خودکشی