بے نظیر قتل : زرداری اپیل دائر کرینگے سزایافتہ پولیس افسروں نے فیصلہ ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا
کراچی/ راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) پیپلز پارٹی نے بے نظیر بھٹو قتل کیس میں اپیل دائر کرنے کا اعلان کردیا ہے جبکہ سزا یافتہ پولیس افسروں نے فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ تین اپیلیں دائر کی جائیں گی۔ ایک اپیل پرویز مشرف کا معاملہ الگ کرنے کیخلاف اپیل کی جارہی ہے۔ ٹرائل کورٹ پرویز مشرف کو سرکاری وکیل کرا سکتی تھی۔ مارک سیگل کے ویڈیو بیان پر وکیل پرویز مشرف بیرسٹر فروغ نسیم نے طویل جرح کی تھی۔ چودھری نثار اور نواز شریف نے پرویز مشرف کو محفوظ راستہ دے کر بھگایا۔ چودھری نثار نے عدالتی فیصلہ پڑھے بغیر مشرف کو بھگا دیا۔ بے نظیر کے قاتل کو ساری دنیا نے دیکھا تھا۔ بیت اللہ محسود اور 4 ساتھیوں کو اللہ نے کیفر کردار تک پہنچایا۔ دفعہ 19کے تحت عدالت مجاز تھی پرویز مشرف کو سزا دیتی‘ اجلاس میں بے نظیر قتل کیس کے فیصلے پر نقائص اور دیگر امور پر مشاورت کی گئی۔ بے نظیر قتل کیس کے عدالتی فیصلے کیخلاف تین اپیلیں کریں گے۔ بے نظیر کے شرعی وارث اپیل کا حق رکھتے ہیں۔ نیر بخاری نے کہا بے نظیر کیس کے فیصلے کیخلاف آصف زرداری اپیل کرینگے۔ قبل ازیں آصف زرداری‘ بلاول کی زیر صدارت اہم رہنماؤں کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں بے نظیر بھٹو قتل کیس اور پانامہ کیس کے فیصلوں پر عملدرآمد سے متعلق صورتحال پر غور کیا گیا۔ آصف زرداری بطور متاثرہ فریق اپیل دائر کریں گے۔ آصف زرداری کی اپیل سردار لطیف کھوسہ فائل کریں گے۔ سابق صدر نے سردار لطیف کھوسہ کو وکالت نامہ دیدیا۔ ادھر سابق سی پی اوسعود عزیز اور سابق ایس پی خرم شہزاد نے لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں اپیلیں دائر کی ہیں جس میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ انسدادد ہشتگردی کی عدالت نے ان کی طرف سے پیش کیے جانے والے شواہد کو نظرانداز کیا۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزا غیر قانونی ہے لہٰذا سزاؤں کو کالعدم قرار دیا جائے اور انہیں بری کیا جائے۔ واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے بے نظیر قتل کیس میں سابق سی پی او سعود عزیز اور ایس پی خرم اشفاق کو 17، 17 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ اپیل میں کہا گیا ہے کہ عدالتی فیصلہ حقائق کے منافی ہے‘ انصاف کے تقاضے پورے نہیں کئے گئے۔ذوالققار علی بھٹوصدارتی ریفرنس میں بلاول بھٹوزرداری بھی فریق بنیں گے ۔ اس ریفرنس میں بلاول بھٹوزرداری کی پیروی سینیٹر فاروق ایچ نائیک کریں گے ۔ پی پی رہنماؤں نے بتایا کہ آصف علی زرداری کا بے نظیر بھٹو کے ساتھ شرعی رشتہ تھا ۔پیپلز پارٹی کی قیادت کو بے نظیر بھٹوقتل کیس کے فیصلے پر کچھ تحفظات ہیں ۔ اس لیے پارٹی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ آصف علی زرداری کی جانب سے بے نظیر بھٹو قتل کیس کے فیصلے کے خلاف 3 اپیلیں دائرکی جائیں گی ۔