ضلعی انتظامیہ کا تحریک انصاف کو جیل روڈ پر جلسہ کی اجازت دینے سے انکار، ہر صورت ہوگا: رہنما پی ٹی آئی
لاہور (خبرنگار + خصوصی نامہ نگار) ضلعی انتظامیہ نے تحریک انصاف کو شہر کی معروف شاہراہ جیل روڈ پر جلسہ کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔ تحریک انصاف کے رہنمائوں نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر لاہور اور دیگر افسروں سے ملاقات کرکے اطلاع دی تھی کہ وہ 8 ستمبر کو این اے 120 کی انتخابی مہم کے سلسلے میں این اے 120 کی حدود سے باہر جیل روڈ پر جلسہ کریں گے۔ ضلعی انتظامیہ نے جیل روڈ کی بجائے کسی متبادل اور بہتر جگہ جلسہ کرنے کا کہا مگر تحریک انصاف نے انکار کردیا۔ تحریک انصاف کی قیادت کا موقف تھا کہ جیل روڈ کے علاوہ ان کے پاس کوئی متبادل جگہ نہیں جلسہ یہیں ہوگا۔ تحریک انصاف سینٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا انشااللہ آج تحریک انصاف لاہور میں بھرپور جلسہ کریگی اور زندہ دلان لاہور اپنے قائد اور قومی ہیرو عمران خان کا شاندار استقبال کریں گے ہمارا کسی سے کوئی جھگڑا نہیں انتظامیہ اور پولیس حکام سے بھرپور تعاون کریں گے انہوں نے کہا کہ قانون اور ضابطے کی پابندی کرتے ہوئے اپنی سیاسی سرگرمیاں منعقد کرنا ہمارا بنیادی حق ہے پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ہمیشہ بہترین تنظیم اور نظم وضبط کا مظاہرہ کیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) ہماری مقبولیت سے خائف ہو کر اوچھے ہتھکنڈے اختیار کر رہی ہے۔