• news

یوم فضائیہ جوش و جذبہ سے منایا گیا، قربانیوں کا اعتراف کرنا ہو گا: ایئر چیف

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) ملک بھر میں پاک فضائیہ نے اپنے تمام فضائی اڈوں پر 7 ستمبر یوم شہداء کے طور پر منایا۔ ائیر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ایک سادہ مگر پر وقار تقریب منعقد کی گئی جس میں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ دن کا آغاز1965 ء اور 1971ء کی جنگوں کے پاک فضائیہ کے شہداء اور ان تمام افراد کے لئے خصوصی دعائوں اور قرآن خوانی سے کیا گیا، جنہوں نے پاکستان کے معرض وجود میں آنے سے لے کر اب تک مادرِ وطن کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ نے کہا آج کا دن ہمیں مادروطن کی راہ میں بیش بہا قربانیاں دینے والے اُن شہداء اور غازیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنے سے تین گنا بڑے دشمن کا نہایت بہادری سے مقابلہ کیا۔ پاک فضائیہ نے پاک فوج کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ۔ائیر چیف نے مزید کہا بیرونی طاقتیں ہماری قربانیوں کا اعتراف کرنے کی بجائے ہمیں دوسروں کی ناکامیوں کا ذمہ دارٹھہرا رہی ہیں۔ ہم امن پسند قوم ہیں اور دوسروں کی ناکامیوں کا بوجھ اپنے سر لینے کے لیے ہر گز تیار نہیں۔اس لیے ان سب کو ہماری قربانیوں کا اعتراف کرنا ہو گا۔ انہوں نے خطے میں موجود تمام قوتوں بالخصوص حریف ممالک کو پیغام دیتے ہوئے کہا پاک فضائیہ اپنی فضائی سرحدوں کی نگہبانی کے لئے ہمہ وقت چوکس ہے اور کسی بھی سمت سے کی گئی سرحدی خلاف ورزی کا بھر پور جواب دیا جائے گا۔ پا ک فضائیہ کے ایک دستے نے ائیر وائس مارشل حسیب پراچہ، ائیر آفیسر کمانڈنگ، سدرن ائیر کمانڈ کی سرکردگی میں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان کی جانب سے پائلٹ آفیسرراشد منہاس شہید (نشانِ حیدر) کی قبر پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ ملک بھر میںپاک فضائیہ کے شہداء کی قبروں پر بھی پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔

ای پیپر-دی نیشن