مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں شہریوں نے بھارتی فوج کا سرچ آپریشن اور محاصرہ ناکام بنا دیا ہے جس کے بعد فورسز نے شہریوں کو براہ راست گولیوں کا نشانہ بنایا
سری نگر (نوائے وقت رپورٹ+ اے این این+ آئی این پی) حریت رہنما میرواعظ عمرفاروق کو گھر میں پھر نظربند کر دیاگیا۔ مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں شہریوں نے بھارتی فوج کا سرچ آپریشن اور محاصرہ ناکام بنا دیا ہے جس کے بعد فورسز نے شہریوں کو براہ راست گولیوں کا نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوگئے جبکہ ایک نوجوان پیلٹ گن کی زد میں آنے سے ایک آنکھ سے محروم ہوگیا۔ بھارتی فورسز کو سرچ آپریشن کے دوران شدید مزاحمت کا سامنا،لوگوں کا شدید پتھراو¿،نعرے بازی ،شوپیاں میں پولیس چیک پوسٹ پر دستی بم سے حملہ ،اہلکاروں سے اسلحہ چھیننے کی کوشش ناکام ہو گئی۔ ضلع پلوامہ کے علاقے بیلو راجپورہ میں مظاہرین اور فورسز کے درمیان شدید جھڑپوں کے نتیجے میں 4افراد کو گہری چوٹیں آئیں جن میں ایک کو گولی لگی جبکہ پیلٹ سے ایک کی آنکھ متاثر ہوئی۔ ادھر بھارتی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے کی طرف سے بار صدر ایڈووکیٹ میاں عبدالقیوم کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دہلی طلب کرنے کے خلاف دوسرے روز بھی سرینگر میں عدالتوں میں کام کاج ٹھپ ہوکر رہ گیا۔ علی گیلانی نے کہا کہ مشترکہ مزاحمتی قیادت نے فیصلہ لیا ہے کہ کل وہ، میرواعظ عمر فاروق اور یاسین ملک کے ہمراہ دہلی جائیں گے جہاں این آئی اے کو اپنی گرفتاریاں پیش کریںگے۔ کشمیر اکنامک الائنس کی طرف سے روہنگیائی مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کے طور پر اقوام متحدہ کے فوجی مبصر دفتر کی طرف مارچ کرنے والوں پر بھارتی فوج پل پڑی، متعدد افراد پکڑے گئے۔ جہانگیر چوک سری نگر پر بھارتی چیک پوسٹ پر دستی بم حملہ میں 5 افراد زخمی ہو گئے۔ ادھر ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے بھارت میں حکومتی ایماءپر بھارتی صحافی گوری لنگیشن کا قتل بھارتی حکومت او رجمہوریت پر شدید طمانچہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی گزشتہ دس روز سے جاری جبکہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلا ف ورزی عالمی جنگ کوہوا دینے کے مترادف ہے۔ اقوام ِ متحدہ فوری طور پر بھارت پر پابندی عائد کرکے سفارتی تعلقات ختم کرکے مظلوم عوام کو بچایا جائے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ چین کے گرد گرفت تنگ کرنے کےلئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، نریندر مودی اور آنگ سان سوچی میانمار میں مسلمانوں کو قتل عام کرکے امن فوج کے طلبگار ہیں جس کی آڑ میں وہ چین اور پاکستان کو نقصا ن پہنچانے کی سازشیں جبکہ مقبوضہ کشمیر مسلمانوں کے قتل عام کرنے کے علاوہ عالمی دنیا کی توجہ میانمارکی جانب کروانا چاہتے ہیں جبکہ بھارت نے اپنی صحافی گوری لنگیشن کو قتل کروادیا جو کہ جمہوریت کے منہ پر شدید طمانچہ ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے واضح کیا بھارت جنوبی ایشیاءمیں جنگی جنون کو ہوا دینے کےلئے مسلمانوں کے قتل عام کرنے کی سازش میں ملوث ہے جس کو روکا نہ گیا تو اِسی طرح انسانی حقوق کی پامالیاں کرتا رہے گا۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے باقاعدہ رپورٹ اقوام متحدہ کو ارسال کر دی جس میں مکمل تفصیل موجود ہے۔
مقبوضہ کشمیر/ ایمنسٹی