کنٹونمنٹ رینٹ کنٹرولر عدالتوں میں انتظامی افسروں کی بطور جج تعیناتی غیرآئینی قرار
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے کنٹونمنٹ رینٹ کنٹرولر عدالتوں میں انتظامی افسروں کی بطور جج تعیناتیوں کو غیرآئینی قرار دے دیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے فیصلہ جاری کیا ۔فیصلے کے مطابق کنٹونمنٹ کرایہ داری ایکٹ کی دفعہ 6 غیر آئینی قرار دیدی گئی۔فیصلے کے مطابق کنٹونمنٹ کرایہ داری ایکٹ کی دفعہ 6 آئین کے آرٹیکل 175 سے متصادم ہے۔ رینٹ کنٹرولرز عدالتوں میں انتظامی افسران بطور جج کام نہیں کر سکتے۔ سپریم کورٹ عدلیہ کو انتظامیہ سے الگ قرار دے چکی ہے۔ انتظامی افسران آئین اور قانون کی پیچیدگیوں سے لاعلم ہوتے ہیں۔ سپریم کورٹ10 برس قبل بھی دفعہ6 کو غیرآئینی قرار دے چکی ہے۔ عدالتی عظمی کے فیصلے کے باوجود قانون میں ترمیم نہیں کی گئی۔ ایک دہائی کے باوجود قانون میں ترمیم نہ کرنا حکومت کی غفلت ہے۔ وفاقی حکومت 6 ماہ میں عدالتی فیصلے کی روشنی میں قانون میں ترمیم کرے۔ لاہور ہائیکورٹ نے فیصلے کی نقل وزارت قانون اور قومی اسمبلی کو بھی بھجوانے کا حکم دیا ہے۔
کنٹونمنٹ عدالتیں