• news

پاک چین دوستی بےمثال‘ پاکستان خطے میں تجارت‘ امن کا خواہشمند ہے: اسحاق ڈار

ارمچی (نمائندہ خصوصی+نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان مشرقی،مغربی اور وسطی ایشیائی ملکوں کیساتھ تجارتی اور سرمایہ کاری روابط کو توسیع دینے کا خواہاں ہے،پاکستان علاقائی روابط کے مقاصد کیلئے پرعزم ہے،خطے کے عوام کا مستقبل بہتر روابط اور ایک دوسرے کی منڈیوں سے وابستہ ہے۔وہ جمعرات کو چین کے شہر اورمچی میں کاریک انسٹی ٹیوٹ کے افتتاحی سیشن سے خطاب کررہے تھے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان علاقائی روابط کے مقاصد کیلئے پرعزم ہے۔ ہم خطے کے ان ممالک کیساتھ تیل و گیس پائپ لائن، انفراسٹرکچر، الیکٹریسٹی گرڈز اور ٹرانسپورٹ نیٹ ورکس کو توسیع دینا چاہتے ہیں تاکہ ترقی کی شرح میں اضافہ اور روزگار کے زیادہ مواقع پیدا ہوں۔ وزیر خزانہ نے رکن ممالک سے کہا کہ وہ رکن ممالک کے مابین ایوی ایشن،سرمائے کی مارکیٹ اور استعداد کار میں اضافے کے حوالے سے تعاون سے متعلق وزیر اعظم پاکستان کی تجاویز پر کام تیز کریں۔ سی پیک کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ علاقائی رابطوں میں سنگ میل ہے جس سے نہ صرف پاکستان اور چین بلکہ خطے کے تمام ممالک کو فائدہ ہوگا۔انہوں نے ایک پٹی ایک سڑک اور ایشین انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ بنک کے قیام میں چینی قیادت کے کردار کو سراہا۔ قبل ازیں صوبہ سنکیانگ کے گورنر شہرت ذاکر نے وزیر خزانہ کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور ان سے سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ پاک۔چین دوستی آزمودہ ہے اور دنیا کے کسی دو ممالک کے درمیان بہترین تعلقات کی حامل ہے۔ وزیر خزانہ اور ان کے وفد کے سنکیانگ کے دورہ سے نہ صرف دونوں حکومتوں کے درمیان تعاون میں اضافہ ہو گا بلکہ سنکیانگ کے عوام اور پاکستان کے گلگت بلتستان کے سرحدی علاقوں کے عوام کے درمیان بھی روابط کو فروغ ملے گا۔ وزیر خزانہ نے مہمان نوازی پر گورنر سنکیانگ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کاریک انسٹی ٹیوٹ کے کامیاب افتتاح پر انہیں مبارکباد دی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے سرحدی شہروں کے درمیان ریل رابطوں کی ترقی پر بھی زور دیا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے حبیب بینک لمیٹڈ کو ارومچی میں اپنی شاخ کھولنے کی اجازت دینے پر گورنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سنکیانگ میں تجارت میں پاکستانی کاروباری شخصیات کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر قونصل خانہ کھولنا بھی پاکستان کی حکومت کی ترجیح ہے۔
اسحاق ڈار

ای پیپر-دی نیشن