سابق دور میں بجلی بحران پر مجرمانہ غفلت برتی گئی، محنت اور جذبے سے کام کریں تو حالات جلد بدل جائیں گے: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیرون ملک بسنے والے پاکستانی اوورسیز نہیں بلکہ وطن عزیز کے عظیم سفیر ہیں اور پنجاب حکومت نے ان کے مسائل کے فوری ازالے کے لئے اوورسیز پاکستانی کمشن بنایا ہے جس نے مختصر عرصے کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل اور شکایات کے ازالے کے لئے موثر اقدامات کئے ہیں اور یہ کمشن مکمل بااختیار ہے۔ اب کوئی بھی بیرون ملک مقیم پاکستان کے عظیم سفیروں کی جائیداد یا رقم پر ہاتھ صاف نہیں کرسکتا۔ وہ لندن میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ شہباز شریف نے وفد سے گفتگو میں کہا کہ دیارغیر میں لاکھوں کی تعداد میں رہنے والے عظیم سفیروں کے مسائل کے حل کیلئے قائم کیے گئے ادارے ’’اوورسیز پاکستانیز کمشن پنجاب‘‘ کی کارکردگی لائق تحسین ہے اور جس جذبے اور محنت کے ساتھ یہ ادارہ کام کررہا ہے اگر ملک کے دیگر ادارے اسی جذبے اور لگن کے ساتھ کام کرنے کا عہد کرلیں اور پوری قوم یکجان دوقالب ہوکر فیصلہ کرلے تو یقیناً ملک کے حالات سالوں میں نہیں بلکہ ہفتوں میں بدل جائیں گے اور پاکستان کو درپیش چیلنجز اور مسائل حل ہوجائیں گے۔ قومی معیشت کی مضبوطی میں کردار ادا کرنے والے عظیم پاکستانیوں کے ادارے اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب دیار غیر میں مقیم پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کیلئے بے لوث انداز میں کام کررہا ہے اوراس ادارے نے اب تک ہزاروں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کر کے انہیں ریلیف فراہم کیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کو آج کئی مسائل کا سامنا ہے اور یہ مسائل ہمارے اپنے پیداکردہ ہیں۔ ہمیں اجتماعی بصیرت اورکاوشوں سے ملک کو مسائل کے چنگل سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرناہے اورآگے بڑھنے کا یہی طریقہ ہے۔ کام مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں اگر قوم ملک کی تقدیر بدلنے کا فیصلہ کرلے اور محنت، امانت اور دیانت کو شعار بنا نے کا عزم کرلے تو منزل کے حصول میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہو سکتی۔ ایمانداری، سچائی اور خلوص نیت سے عوام کی خدمت کرنے والی قیادت کو عوام ہمیشہ یاد رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک اور قوم کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے اور ہم نے ایک قوم بن کر ان چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہے۔ ملک وقوم کی حالت بدلنے کے لئے پہلے ہمیں اپنی خود حالت بدلنا ہوگی اور اگر اس ملک کے تمام طبقات ایک ہوجائیں اور مل کر کوشش کریں تو وہ وقت دورنہیں کہ ملک کی تقدیر بدل جائے گی اورمجھے یقین ہے کہ مشکلات اور چیلنجز کے باوجود پاکستانی قوم عظیم قوم بنے گی۔ سابق دور میں توانائی بحران حل کرنے کے حوالے سے کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا بلکہ بدترین مجرمانہ غفلت برتی گئی جس کا خمیازہ پوری قوم کو بھگتنا پڑا۔ بجلی کی کمی کے باعث معیشت، زراعت اور صنعت تباہ ہوئی، بے روزگاری اورغربت کا طوفان کھڑا ہوا لیکن مسلم لیگ (ن )کی حکومت نے دن رات ایک کرکے توانائی بحران پر توجہ مرکوز کئے رکھی اورآج پاکستان میں لوڈشیڈنگ کاجن قابو میں آچکا ہے۔ شہباز شریف نے اداکار و ہدایت کار ہمایوں سعید کے والد محمد سعیدکے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔