شریف خاندان سے نجات ملنے والی ہے‘ عوام عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہوں گے: عمران‘ لندن پہنچ گئے
لندن ( نمائندہ خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ عوام عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہو گی۔ پاکستان کو شریف خاندان سے نجات ملنے والی ہے۔ این اے 120 میں (ن) لیگ کو شکست ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لندن پہنچنے پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وہ یہاں اپنے دوست انیل مسرت کی بیٹی کی شادی میں شرکت کے لیے آئے ہیں۔ نمائندہ نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے عمران خان نے کہا میاں نوازشریف نے پاکستانی عوام کے اربوں روپے باہر لا کر ناقابل معافی جرم کیا ہے۔ اب ان کی جگہ اڈیالہ جیل ہے۔ 2018ء کا الیکشن دو تہائی اکثریت سے جیتیں گے۔ صباح نیوز کے مطابق عمران خان پانچ روزہ دورے پر لندن گئے۔ ان کے دونوں صاحبزادے سلمان خان اور قاسم خان بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ لندن میں قیام کے دوران عمران خان پارٹی رہنمائوں سے ملاقاتیں کریں گے۔ پی ٹی آئی چیئرمین 14 ستمبر کو پاکستان واپس آئیں گے اور این اے 120 کے ضمنی انتخاب کے حوالے سے جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق عمران خان نے کہا اڈیالہ جیل میں بہترین انتظامات کئے جائیں تاکہ نوازشریف کو تکلیف نہ ہو۔ لاہور میں (ن) لیگ پولیس اور سرکاری ملازمین جو ملا کر مہم چلا رہی ہے۔ الیکشن والے دن لاہور کے عوام عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہونگے۔ اللہ کا شکر ادا کرنا چاہئے نوازشریف اور شریف خاندان سے نجات ملنے والی ہے۔ خیبر پی کے میں صحت‘ تعلیم اور پولیس کا نظام بہتر کیا گیا۔ خیبر پی میں پنجاب سے 5 گنا غربت کم ہوئی۔ انہوں نے کہا خیبر پی کے کے حوالے سے میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔ صوبائی حکومت نے وفاقی حکومت سے بہت بہتر کام کیا۔