• news

پی پی کی مشعل بردار ریلی‘ میدان چھوڑ کر جانےوالے الیکشن کیا لڑیں گے: قمر زمان کائرہ

لاہور(خبر نگار+این این آئی) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ جو لوگ خود میدان چھوڑ گئے وہ الیکشن کیا لڑےں گے۔ اب تک نواز اور شہباز کی محبت کے داستانیں تھیں اب وہ لوگ چرچا کر رہے ہیں کہ وہ ملک چھوڑ کو کیوں بھاگا؟ وہ پیپلز پارٹی کے این اے 120سے امیدوار فیصل میر کی انتخابی مہم کے سلسلے میںریلی سے خطاب کررہے تھے۔ یہ مشعل بردار ریلی قمر زمان کائرہ کی قیادت میں ریگل چوک مال روڈ سے فیصل چوک تک نکالی گئی ۔ ریلی میں سینکڑوں افراد نے مشعلیں اٹھارکھی تھیں جس کی وجہ سے ریلی کے شرکاءخصوصی توجہ کا باعث بنے رہے ۔ ریلی فیصل چوک پہنچی تو صدر قمرزمان کائرہ اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات چوہدری منظور احمداورفیصل میر نے شرکاءسے خطاب کیا۔اس موقع پرملک عثمان، چوہدری اسلم گل، اسراربٹ، حاجی عزیز الرحمن چن، آصف ناگرہ، عاصم بھٹی، مقبول شیخ، ذوہیب بٹ سمیت دیگرعہدیداربھی موجود تھے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ جس جماعت میں نا اتفاقی ہو وہ انتخابات کیا لڑیں گے؟ آپ لوگ ڈیل کر کے ملک سے باہر بھاگنے کے ماہر ہیں۔ اب عوام، عدالت آپکو ووٹوں کے سزائیں دیں گے، کوئی ڈیل نہیں چلے گی۔ اب تو چوہدری نثار نے بھی کہہ دیا ہے کہ مریم اور بینظیر کا کوئی مقابلہ نہیںاب پیچھے کیا رہ جاتا ہے؟ بینظیر بھٹو عظیم لیڈر تھیں جنہوںنے ملکی سیاست میںتحمل اور برداشت کو فروغ دیا اورجمہوری اقدار بڑھائیں۔ بلاول بھٹو نے چنیوٹ سے جلسوں کا آغاز کیا توحکومتی صفوںمیں تھرتھلی مچ گئی ابھی تو آغاز ہے۔ الیکشن کے دن یہ ثابت کرنا ہے کہ جو جیالے ناراض تھے وہ میدان میں اتر آئے ہیں اورجو گھر بیٹھ گئے تھے وہ متحرک ہو گئے ہیں۔ انہوں نے شرکاءکو مخاطب کرکے کہاکہ الیکشن کے دن تک ڈور ٹو ڈور کیمپین کومضبوط کرنا ہے ۔ پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات چوہدری منظورنے میاں نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ تمہیں تمہارا بھائی یہ سمجھانے گیا کہ واپس ملک مت آﺅ اور تم مان بھی گئے۔ عمران خان کو ہدف تنقید بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں صحت کے نظام کا بھانڈہ پھوٹ گیا ہے جونیا پاکستان بنانے کا دعویٰ کرتے تھے۔ فیصل میر نے کہا کہ پیپلز پارٹی یہ انتخاب جیتے گی کیونکہ عوام (ن)لیگ کے بدمعاشوں سے تنگ آچکے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری سے ہفتہ کو پیپلزپارٹی سندھ رابطہ کمیٹی کے رکن اور پریس سیکرٹری نعمان علی شیخ، سابق وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن، رکن سندھ اسمبلی اسماعیل راہو اور سابق ایم پی اے بھیرولال بالانی نے الگ الگ ملاقات کی۔ اس موقع پر پارٹی کے تنظیمی امور ، سیاسی صورت حال اور دیگر امور پر بات چیت کی گئی ۔ ملاقات میں سندھ میں رہنے والے اقلیتوں کے مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی تمام پاکستانیوں کی پارٹی ہے اور سب کے لئے یکساں حقوق کے لئے جدوجہد کرتی رہے گی۔

پی پی ریلی

بلاول

ای پیپر-دی نیشن