بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا 59 واں یوم وفات آج منایا جائیگا، انکے اصولوں پر عمل کرنا ہوگا: صدر وزیراعظم، سپیکر، زرداری، مسعود خان کا خراج عقیدت
لاہور ، اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ خبرنگار خصوصی) بانی پاکستان حضرت قائداعظم محمد علی جناح کا 69 واں یوم وفات آج (پیر کو) ملک بھر میں نہایت عقیدت و احترام سے منایا جائیگا۔ بانی پاکستان کی روح کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی ہوگی اور قائد اعظم کے مزار پر سیاسی شخصیات، مسلح افواج کے نمائندے اور شہری حاضری دیں گے اور پھولوں کی چادریں چڑھائی جائیں گی۔ بابائے قوم کے یوم وفات کے سلسلے میں ملک بھر میں سیمینارز، مذاکرے، جلسوں اور مختلف تنظیموں کی جانب سے تقریبات کا اہتمام کیا جائیگا جس سے خطاب کے دوران سیاسی و سماجی شخصیات بانی پاکستان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ یوم وفات کے سلسلے میں اخبارات سپیشل ایڈیشن شائع کریں گے جبکہ پی ٹی وی، نجی ٹی وی چینلز اور علاقائی زبانوں کے ٹی وی چینلز بھی یوم وفات قائداعظم کے سلسلے میں خصوصی پروگرام نشر کریں گے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پوری قوم آج قائد اعظم محمد علی جناح کا 69 واں یوم وفات عقیدت و احترام کے ساتھ منا رہی ہے۔ قائد اعظم محمد علی جناح کی کرشماتی شخصیت، دانشمندی، دور اندیشی اور قائدانہ صلاحیتوں کی پوری دنیا بالعموم اور جنوبی ایشیا کے عوام بالخصوص معترف ہیں اور قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سب سے بہترین طریقہ یہی ہے کہ ہم قائداعظم کے اتحاد، یقین محکم اور نظم و ضبط کے اصولوں پر کاربند رہنے کا عزم کریں اور اس بات کا عہد کریں کہ ہم پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنانے کیلئے قائداعظم کی میراث پر اس کی حقیقی اور اصل روح کے مطابق عمل پیرا رہیں گے۔ مزید برآں صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ 11 ستمبر وہ دن ہے جب ہم قائداعظم محمد علی جناح کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ بابائے قوم کے جمہوریت، آئین کی پاسداری اور ہم آہنگی کے ان اصولوں پرکاربند رہنے کے عہد کا اعادہ کرتے ہیں جس کا پرچار قائداعظم نے ساری زندگی کیا۔ آج کا دن ہمارے لئے سوچ بچار کا دن ہے، ہمیں ایک لمحہ کیلئے توقف کرنا چاہئے اور سوچنا چاہئے کہ ہم اپنے قائد کے بتائے ہوئے راستے پر عمل کرکے کس طرح کامیاب ہو سکتے ہیں۔ قائداعظم محمد علی جناح کے 69 ویں یوم وفات کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر نے کہا کہ قائداعظم راست بازی، دیانتداری، جرأت و بہادری اورعزم و استقلال جیسی خوبیوںکے حامل تھے۔ صدر نے کہا کہ قائداعظم نے کبھی بھی اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا اور نہ ہی کبھی اپنے فیصلوں میں مصلحت کا شکار ہوئے۔ قیام پاکستان جیسا عظیم کارنامہ قائد اعظم محمدعلی جناح کی انتھک محنت، بے مثل سیاسی بصیرت، کردار کی پختگی، مضبوط قوتِ ارادی اور راست بازی سے ہی ظہور پذیر ہو سکا۔ ان کی ولولہ انگیز قیادت ہی کا اعجاز تھا کہ صرف سات سال کے قلیل عرصے میں سب سے بڑی اسلامی مملکت معرض وجود میں آئی۔ یہ بانی پاکستان ہی کی ذات تھی جس نے ان کی ریشہ دوانیوں کو بھانپتے ہوئے پوری قوم کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر دیا۔ ان خیالات کا اظہار صدر آزاد جموں وکشمیرسردار محمد مسعود خان، وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان اور وزیر اطلاعات مشتاق احمد منہاس نے بانی پاکستان حضرت قائداعظم محمد علی جناح کی برسی کے موقع پر اپنے اپنے الگ الگ پیغامات میں کیا۔ دریں اثنا سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائداعظم ہمیشہ ہر مشکل کے سامنے سینہ سپر رہے۔ انہوں نے کبھی اپنے اصولوں پر سودے بازی نہیں کی اور نہ ہی کبھی اپنا فیصلہ کسی پر مسلط کرنے کی کوشش کی۔ سابق صدر اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغامات میں کہا کہ آج ہمیں اس عہد کی تجددی کرنی چاہئے کہ پاکستان کو ایک جمہوری، ترقی پسند، فلاح یاور لبرل ریاست بنائیں گے۔