ساجد میر نے مولانا ابو تراب کی عدم بازیابی پر کل ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا اعلان کردیا
لاہور (خصوصی نامہ نگار) مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے مرکزی جمعیت اہلحدیث بلوچستان کے امیر مولانا علی محمد ابوتراب کی عدم بازیابی کے خلاف12 ستمبرکو ملک گیر سطح پر احتجاجی مظاہروں کا اعلان کردیا۔ بیرون ملک دورے سے واپسی پر مرکز اہلحدیث راوی روڈ پر پارٹی ارکان کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مولانا ابوتراب کو انکے بیٹے، سیکرٹری اور محافظ سمیت آج سے تین روز پہلے کوئٹہ ائرپورٹ کے قریب مسلح افراد نے اغوا کرلیا۔ جس طرح دن دہاڑے انہیں اغوا کیا گیا اس سے پتہ چلتا ہے کہ بلوچستان حکومت اور ایف سی کی کوئٹہ میں کوئی رٹ نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ مولانا ابوتراب کو جلد بازیاب نہ کرایاگیا توحالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔ ہمارے کارکنوں میں شدید اشتعال ہے اور ہم پرامن طریقے سے اپنا احتجاج ریکارڈ کرانا چاہتے ہیں اور کارکنوں کو پرامن رہنے کی تلقین کی ہے۔ مگر ہمارے صبر کاامتحان نہ لیا جائے۔پروفیسر ساجد میر 12 ستمبر کو مرکز اہلحدیث راوی روڈ کے باہر ایک بڑے احتجاجی مظاہرے کی قیادت کریں گے۔ اسی طرح کوئٹہ، کراچی، فیصل آباد، سکھر، پشاور، اوکاڑہ، گوجرانوالہ، ساہیوال، جھنگ ، ڈی جی خاں، ایبٹ آباد، سرگودھا، ملتان، راولپنڈی، مظفر آباد، گلگت بلتستان، شیخوپورہ، سیالکوٹ، گجرات میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ اجلاس میں حاجی عبدالرزاق، ڈاکٹر عبدالغفور راشد، پروفیسر حافظ عبدالستار حامد، میاں محمود عباس، مولانا عبدالباسط شیخوپوری، مولانا حنیف ربانی، پروفیسر عبدالرحمان لدھیانوی، حافظ شاہد امین ، ملک سلیمان منگلا محافظ بابر فاروق رحیمی نے بھی شرکت کی۔