• news

الزام تراشی کے ماہر سیاستدان نے جھوٹ بولنے کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے: شہباز شریف

لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے پاکستان کے عوام کل بھی مسلم لیگ (ن) کے ساتھ تھے اور آج بھی ان کے ساتھ ہیں کیونکہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ جمہوریت کے استحکام اور جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے کام کیا ہے۔ عوام جھوٹ کی سیاست سے نفرت جبکہ سچی و مخلص قیادت سے دلی لگائو رکھتے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے دور میں ملک کی تیز رفتار ترقی کے لئے کئی پراجیکٹ مکمل کئے گئے ہیں اور اربوں کھربوں روپے کے منصوبوں میں کوئی بھی ایک دھیلے کی کرپشن کا الزام نہیں لگا سکتا۔ لندن مسلم لیگ ن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا ہمارے دور میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے اقدامات تاریخی اہمیت رکھتے ہیں۔ محنت، دیانت اور عزم سے توانائی منصوبوں کو شفافیت اور تیزی سے مکمل کیا گیا جس سے لوڈشیڈنگ میں خاطر خواہ کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان میں حالات ماضی کے مقابلے میں بہت بہتر ہوئے ہیں اور چار برس پہلے کے مقابلے میں پاکستان اب کہیں زیادہ پُرامن، روشن، خوشحال اور ترقی یافتہ ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے دن رات کام کیا اور ہماری حکومت کی مخلصانہ کاوشوں اور ٹھوس اقدامات کے باعث ہر شعبے میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ ن نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے جو تاریخ ساز اقدامات کئے ہیں، قوم اسے ہمیشہ یاد رکھے گی اور ہم ترقی کے ویژن پر مزید تیزی سے آگے بڑھیں گے اور آخری سانس تک ملک کی خوشحالی اور عوام کی ترقی کیلئے کام کرتے رہیں گے اور پاکستان کو ترقی کی بلندیوں تک لے جانے کیلئے راستے میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا عوام نے تبدیلی کے دعویدار کے اصل چہرے کو دیکھ لیا ہے۔ عوام باشعور ہیں، ترقی کے دشمن اپنے عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے۔ عوام کی محبت اور ووٹ کی حمایت ہی دلوں پر راج کرنے کا واحد ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا عوام نے مسلم لیگ(ن) کو خدمت خلق کا مینڈیٹ دیا ہے اور مسلم لیگ(ن) کی سیاست عوام کی ترقی اورخوشحالی کی سیاست ہے جبکہ دوسری طرف منفی سیاست کرنے والے ملک کو پیچھے دھکیلنا چاہتے ہیں اور یہ عناصر ملک سے انتہا پسندی، غربت، بے روزگاری اور اندھیروں کا خاتمہ نہیں چاہتے‘ عوام کی خدمت ان لوگوں کے بس کا کام نہیںجن کی سیاست صرف جھوٹ اورالزام تراشی کے گرد گھومتی ہے۔ الزام تراشی کے ماہر ایک سیاستدان نے جھوٹ بولنے کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں اور یہ ناعاقبت اندیش عناصر صرف سیاست برائے اقتدار کیلئے ملک وقوم کی تقدیر کو داو ٔپر لگا رہے ہیں‘ ملک میں محاذ آرائی،افراتفری اور بے چینی پھیلانے کے ذمہ د اروں کو قوم اور تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا سابق کرپٹ حکمرانوں کی کرپشن اورلوٹ مار نے پاکستان کو بدحال کردیا تھا اورجب مسلم لیگ (ن) کو اقتدار ملا تو ملک میں ہر طرف اندھیرے اور مایوسی کے بادل چھائے ہوئے تھے‘کرپٹ ٹولے کی لوٹ مار، اقرباء پروری اور بدعنوانیوں کے باعث قومی ادارے تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے تھے‘ سیاسی بنیادوں پر قرضے معاف کرانیوالوں اور بینکوں پر اربوں روپے کے ڈاکے ڈالنے والوںکے چہروں سے قوم بخوبی واقف ہے اورغریب قوم کے اربو ں روپے ہڑپ کرنے والے آج پارسائی کے نام نہاد دعویدار بنے ہوئے ہیں‘ دھرنا دینے والوں نے بھی قومی معیشت کو نقصان پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور ان عناصر نے اپنے بلا جواز دھرنوں، لاک ڈاؤنوں اور احتجاج کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ انہوںنے کہا مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے عوام کی قسمت بدلنے اور انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے انقلابی اقدامات کیے ہیں اور پاکستان آگے بڑھ رہا ہے اور عوامی خدمت کا سفر آئندہ بھی جاری رہے گا۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق شہبازشریف نے لندن میں سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے کہا پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں صفائی کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔ کانفرنس صحت کے شعبے میں ترقی کیلئے سود مند ثابت ہوگی۔ پنجاب میں عوام کو صحت کی سہولیات میں اضافہ ہوا ہے۔ برطانوی حکومت کے مختلف شعبوں میں تعاون پر شکر گزار ہیں۔ برطانیہ‘ پاکستان کے درمیان دیرینہ اور دوستانہ تعلقات ہیں۔ پنجاب میں صحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے موزوں مواقع ہیں۔ پنجاب میں عالمی معیار کی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریز ہیں۔ پنجاب کے ہسپتالوں میں درآمد شدہ جدید مشینیں موجود ہیں جبکہ دانتوں کے امراض کیلئے بہترین سہولیات ہیں۔ آن لائن کے مطابق وزیراعلیٰ شہبازشریف نے لندن میںاپنا طبی معائنہ کرایا۔ وزیراعلیٰ کے میڈیکل ٹیسٹ کیے گئے جوکہ نارمل آئے ہیں اور وہ مکمل طور پر صحت مند ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم اور قوم کی دعائوں سے میرے میڈیکل ٹیسٹ کی رپورٹس بالکل ٹھیک آئی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن