• news

ایف 16 نہ ملنے پر چین‘ روس کی جانب جائیں گے‘ امریکی پابندیاں دہشت گردی کیخلاف جنگ خطرے میں ڈال سکتی ہیں : شاہد خاقان

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ خصوصی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ امریکہ کی پابندیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ کو خطرے میں ڈال سکتی ہیں۔ ہماری کوششوں کو زک پہنچانے والا اقدام امریکی کوششوں کا نقصان ہوگا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ ایف 16 طیاروں کی فروخت کی منسوخی پر چین اور روس کی جانب جائیں گے۔ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ کررہے ہیں۔ افغانستان میں ہر مسئلے کا الزام پاکستان کو دینا ٹھیک نہیں۔ امریکہ کو پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرنا چاہئے۔ افغانستان سے دہشت گرد پاکستان کے اندر آکر حملے کرتے ہیں۔ اڑھائی ہزار کلومیٹر طویل سرحد پر باڑ لگائیں گے۔ پاکستان 35 لاکھ افغان مہاجرین کو پناہ دینے والا ملک ہے۔ امریکہ کو اسے بھی تسلیم کرنا چاہئے۔ پاکستان کی فوجی امداد میں کمی سے امریکہ دہشت گردوں کو فائدہ پہنچائے گا۔ موجودہ حالات میں مل جل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ چین کے ساتھ معاشی اور عسکری تعلقات 1960ءکی دہائی سے قائم ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ امریکہ کے بعد دفاعی ضروریات کیلئے دوسرے آپشنز دیکھنا ہوں گے۔ افغانستان سے حملوں پر پاکستان سرحد پر باڑ لگانے پر مجبور ہوا۔ سرحد پر باڑ لگانے کیلئے اربوں ڈالر خرچہ اٹھانا پڑ رہا ہے۔ سیاست کے فیصلے عدالتوں میں طے نہیں کئے جاتے۔ نوازشریف 28 جولائی کے مقابلے میں آج زیادہ مضبوط ہیں۔ پاکستان پر امریکی پابندیوں کے نتائج الٹے نکلیں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کرلیا۔ کابینہ کا اجلاس آج شام 5 بجے وزیراعظم آفس میں ہوگا۔ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ وزارت خارجہ سفارتی سطح پر اقدامات سے متعلق کابینہ کو بریفنگ دے گی۔ امریکی صدر ٹرمپ کے بیان کے بعد کی صورتحال زیر غور آئے گی۔ مزیدبرآں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ارکان پارلیمنٹ پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے اپنے حلقوں کی ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔ وزیراعظم نے یہ بات ساہیوال میں مسلم لیگ (ن) کے ارکان قومی اسمبلی کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔ وفد میں سلیم عباس رابیرہ‘ چودھری ریاض الحق‘ سید محمد عاشق‘ راﺅ محمد اجمل‘ محمد معین وٹو‘ سید عمران احمد شاہ اور دیگر ارکان شامل تھے۔ دریں اثنا وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے فارما سیوٹیکل ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیرمملکت سائرہ افضل تارڑ بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ وفد نے وزیراعظم کو فارما سیوٹیکل کی صنعت سے متعلق بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ غریبوں کیلئے ادویات کی مناسب قیمت سے متعلق ضابطہ کار لازمی ہے۔ عوامی مفاد کے تحفظ کیلئے فارما سیوٹیکل پالیسی تشکیل دی جا رہی ہے۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی صنعت کیلئے بہترین پالیسی بنائے۔ فارماسیوٹیکل ایکسپورٹ پروموشن کونسل کے قیام کیلئے تجاویز پر غور کی ہدایت کی۔چیئرمین دفاعی پیداوار سینیٹ کمیٹی لیفٹیننٹ جنر ل(ر) عبدالقیوم نے بھی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی اور انہیں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال خصوصی طور پر افغانستان صورتحال کے علاوہ آئینی اور انتخابی اصلاحات کے علاوہ چکوال مندرہ ریلوے لائن کی بحالی کے بارے آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ الحمد اللہ افواج پاکستان اور سیاسی قیادت دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے اور اس ضمن میں آپریشن رد الفساد کا فیصلہ کن مرحلہ شروع ہوچکا ہے۔ دہشت گردوں کا صفایا کر دیا گیا ہے او رالحمد اللہ سی پیک منصوبہ بھی ٹیک آف کر چکا ہے اور اس منصوبے سے ترقی اور خوشحالی کا ایک نیا سفر شروع ہوگا۔ وزےر اعظم پا کستان شاہد خاقان عبا سی 14 ستمبر کو سوئی کا دورہ کریں گے ا ور جلسہ عام سے خطاب کریںگے۔ط
شاہد خاقان

ای پیپر-دی نیشن