”ویلکم بیک ہوم کرکٹ“ پاکستان اور ورلڈ الیون میں پہلا ٹی 20 آج ہو گا‘ کرکٹ بحالی سے بڑے مقصد کیلئے آئے ہیں : ڈوپلیسی
لاہور (سپورٹس رپورٹر+ ایجنسیاں) پاکستان اور ورلڈ الیون کی ٹیموں کے درمیان آزادی کپ ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا میچ آج قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائیگا۔ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق میچ شام 7 بجے مصنوعی روشنیوں میں شروع ہوگا۔ پاکستان ٹیم کی قیادت سرفراز احمد جبکہ ورلڈ الیون کی جانب سے یہ فریضہ جنوبی افریقہ کے فاف ڈوپلیسی انجام دینگے۔ قذافی سٹیڈیم میں میچ سے ایک روز قبل ٹرافی کی تقریب رونمائی کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ہوم گراونڈ پر ہمارے کھلاڑیوں کو اپنے جوہر دکھانے کا بہترین موقع ہے۔ ورلڈ الیون کے خلاف سخت مقابلہ ہوگا جس کے لئے تمام کھلاڑی پوری طرح تیار ہیں۔ مہمان ٹیم میں میرے فیورٹ کھلاڑی ہاشم عاملہ بھی موجود ہیں جس پر خوشی ہے۔ مخالف ٹیم کو ٹف ٹائم دینگے ہماری کوشش ہوگی کہ جیت کا تسلسل جو آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں قائم کیا تھا اسے برقرار رکھا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے کھلاڑیوں کا ہوم گراﺅنڈ پر کھیلنا خوشی کی بات ہے جس کا کریڈٹ پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی کو جاتا ہے۔ محمد عامر کی عدم دستیابی کی وجہ سے سہیل خان کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ سرفراز احمد نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ نوجوان لڑکوں کو موقع دیا جائے تاکہ وہ نہ صرف ٹی ٹونٹی بلکہ ون ڈے اور ٹیسٹ میچ میں بھی اپنی جگہ بناسکیں ۔سرفراز احمد نے کہاپاکستان میں ورلڈ الیون کا آنا خوش آئندہ ہے اور اس کے بعد دنیائے کرکٹ کی دیگر ٹیمیں بھی آئیں گی ۔ورلڈ الیون میں بھارت کے کھلاڑیوں کے نہ ہونے کے بارے میں انہوں نے کہاکہ مجھے نہیں پتہ کہ ان کی کیا پالیسی ہے تاہم ٹیم میں دنیائے کرکٹ کے مختلف ممالک کے بڑے نامور کھلاڑی ہیں جس پر ہم ان ممالک کے کرکٹ بورڈز کے مشکور ہیں۔ ورلڈ الیون کے بعد دنیائے کرکٹ کی دیگر ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی اور اللہ نے چاہا تو انڈیا کی پوری ٹیم پاکستان آئیگی۔ مزید برآں انٹرنیشنل کرکٹ کرنسل کے چیئرمین ششانک منوہر نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا ہے دنیائے کرکٹ اور پی سی بی کیلئے اچھا دن ہے کہ ورلڈ الیون تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کے لیے لاہور میں پہنچ چکی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے لمبے عرصے سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے کی تکلیف برداشت کی ہے۔ پاکستانی کھلاڑی اور شائقین بھی اسی طرح اپنے ہوم گراونڈ اور کراوڈ کے سامنے نہیں کھیل سکے ہیں ان کے لیے بھی یہ ایک یادگاری لمحہ ہے۔ میں پرامید ہوں کہ یہ دورہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی جانب پہلا قدم ہوگا۔ آئی سی سی نے بھی پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے لئے جائلز کلارک کی سربراہی میں پاکستان ٹاسک فورس بنائی تھی تاکہ پی سی بی کے ساتھ ملکر یہ کام انجام دیا جائے۔ پاکستان کے دورے پر آنے والی ورلڈ الیون کے کپتان فاف ڈپلوسیسی اور کوچ اینڈی فلاور کا کہنا ہے کہ اس دورے کا بنیادی مقصد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہے اور وہ یہاں آنے پر بہت خوش ہیں۔ یہ دونوں لاہور پہنچنے کے بعد ٹیم کے ہوٹل میں پریس کانفرنس کر رہے تھے۔ جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے فاف ڈپلوسیسی کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ کھلاڑی صرف کرکٹ کھیلنے کے خیال سے یہاں نہیں آئے ہیں بلکہ اس کا مقصد اس سے بھی بڑا ہے۔ ورلڈ الےون کے دورہ پاکستان کے موقع پر قذافی سٹےڈےم ، نشتر سپورٹس کمپلےکس ، سٹےڈےم کے گرد تمام علاقے، رےسٹورنٹ اور دکانوں کو پندرہ ستمبر تک بند کردیا گیا جبکہ رےسٹورنٹ اور دکانوں کے کوائف پولےس کو جمع کر وادئےے گئے ہےں ۔ سٹےڈےم کے گردونواح مےں مو جود ٹوٹ پھوٹ کی شکار سڑکوں کی حالت بھی بہتر بنادی گئی اور سٹےڈےم کو آنے والے تمام راستوں پر جدےد کےمرے نصب ہیں ۔ سٹےڈےم کو ہائی الرٹ اےرےا بنا دےا گیا ہے، ۔دوسر ا ٹی ٹونٹی میچ 13ستمبر کو شام سات بجے قذافی سٹیڈیم میں ہوگا جبکہ سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی میچ 15ستمبر کو شام سات بجے قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا ۔ فاسٹ بولر محمد عامر پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں قومی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے ۔وہ ذاتی مصروفیت کی وجہ سے انگلینڈ میں مقیم ہےں تاہم توقع کی جارہی ہے کہ دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں وہ شرکت کریں گے ۔ ورلڈ الیون کی اعلان کردہ ٹیم میں کپتان فاف ڈوپلیسی، ہاشم آملہ، عمران طاہر، مورنی مورکل، ڈیوڈ ملر، جارج بیلی، ٹم پین، سیموئل بدری، بین کٹنگ، پال کولنگ وڈ، گرینٹ ایلیٹ، تمیم اقبال اور تھسارا پریرا پر شامل ہیں۔ قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اور ورلڈ الیون کے قائد فاف ڈوپلیسی نے آزادی کب ٹرافی کی رونمائی کی۔ محکمہ موسمیات نے آزادی کپ کے دوران صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے مختلف حصوں میں بارش کی پیش گوئی کردی۔ تاہم کرکٹ شائقین کے لیے بری خبر ہے کہ لاہور میں آئندہ چند دنوں کے دوران بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات نے ورلڈ الیون کی ٹیم اور پاکستان کے مقابلوں کے دوران لاہور میں بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ دوروز کے دوران موسم خشک اور جزوی طور پر ابرآلود رہے گا تاہم بارش کا نیا سلسلہ جمعرات کو لاہور میں داخل ہوگا جس کے باعث جمعرات اور جمعے کو بارش کا امکان ہے۔ ورلڈ الیون اور قومی ٹیم کی پریکٹس کیلئے قذافی اسٹیڈیم آمد کھلاڑیوں کو سخت سکیورٹی حصار میں ہوٹل سے اسٹیڈیم لایا گیا،دونوں ٹیمیں (آج) شام کو پہلے میچ کیلئے 3 گھنٹے تک پریکٹس سیشن میں شرکت کریں گی۔
کرکٹ میچ