• news

لاہور تا اسلام آباد احتساب مارچ‘ نیب زرداری کی طرح نوازشریف کو بھی ولی اللہ ثابت کرنے پر تلا ہے : سراج الحق

لاہور + گوجرانوالہ + شیخوپورہ (خصوصی نامہ نگار + نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے نیب آصف زرداری کی طرح نوازشریف کو بھی ولی اللہ ثابت کرنے پر تلا ہوا ہے۔ زرداری کی درجنوں آف شور کمپنیاں ہیں مگر انہیں کلین چٹ دے دی گئی ہے اور اب نیب نوازشریف سے مک مکا کر رہا ہے۔ نیب کی اب تک کی کارروائی مایوس کن ہے۔ محض نواز شریف کو ہٹانے سے قوم کا اصل مسئلہ حل نہیں ہوا۔ جب تک سب لٹیروں کو احتساب کے کٹہرے میں کھڑا نہیں کیا جاتا، ہماری تحریک جاری رہے گی ۔ نوازشریف میرا مشورہ مان کر مستعفی ہو جاتے تو عزت بچ جاتی۔ ریفرنس دائر ہونے کے بعد اسحاق ڈار کو فوری طور پر استعفیٰ دے دیناچاہیے تھا حکمران عوام کے خون پسینے کی کمائی پر عیش کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی قیادت میں لاہور سے اسلام آباد تک احتساب مارچ کے دوران داتا دربار چوک لاہور، گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں بڑے عوامی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں لاہور سے احتساب مارچ کے شرکا کو شاندار انداز میں روانہ کیا گیا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، امیر العظیم، جاوید قصوری، ذکراللہ مجاہد، ضیاالدین انصاری، اصغر، حافظ ساجد انور، بلال قدرت بٹ، اصغر گجر اور انورگوندل بھی موجودتھے۔ وزیر آباد، سادھوکے، گکھڑ منڈی، مریدکے اور کامونکی میں احتساب مارچ کا زبردست استقبال کیا گیا ۔ کالا شاہ کاکو میں نیشنل لیبر فیڈریشن کے سینکڑوں مزدوروں نے سراج الحق اور دیگر قائدین کو پھولوں کے ہار پہنائے۔ احتساب مارچ میں نابینا افراد کے ایک گروپ نے بھی شرکت کی۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا قوم لٹیروں کے ٹولے کو اقتدار کے ایوانوں کی بجائے جیل کی سلاخوں کے پیچھے دیکھنا چاہتی ہے جب تک پانامہ لیکس میں موجود 436 لٹیروں اور بنکوں سے قرضے لے انہیں کنگال کرنے والوں ، شوگر اور ڈرگ مافیا اور سرکاری اثاثوں کو لوٹنے والوں کا احتساب نہیں ہوتا ، ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ انہوں نے کہا نوازشریف کی نااہلی سے کرپشن کا مسئلہ حل نہیں ہو سکا اور جب تک زرداری ، مشرف اور نواز جیسے لوگوں کو قانون کی گرفت میں نہیں لایا جاتا ، کرپشن کا کینسر پھیلتا رہے گا ۔ احتساب کے عمل کو نیب کے ہاتھوں مذاق نہیں بننے دیں گے۔ لالہ موسیٰ میں استقبالی عوام سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا ملک لوٹنے والے چوروں کو اڈیالہ جیل میں بند ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا میں اللہ تعالیٰ کو حاضر ناظر جان کرکہتا ہوں اگر مجھے ایک دن کیلئے بھی حکومت مل گئی تو چیف جسٹس کے پاس انگلش کی کتاب کے بجائے انکے ہاتھ میں قرآن پاک ہوگا۔ جی ٹی ایس چوک گجرات میں احتساب کاررواں سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا دہشت گردوں نے ملک کو اتنا نقصان نہیں پہنچایا جتنا آستین کے سانپوں نے ملک کو پہنچایا ہے‘ ہماری لڑائی اقتدار کی نہیں عوام کے حقوق کی لڑائی ہے جسے ہم ہر محاذ پر لڑتے رہیں گے چاہے ہم سب کی جانیں ہی اس دھرتی کیلئے قربان کیوں نہ ہو جائیں گے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق راولپنڈی میں احتساب مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا میانمار میںمسلمانوںکا قتل عام جاری ہے۔ وزیراعظم کو ترک صدر کی طرح روہنگیا مسلمانوں کے پاس جانا چاہئے تھا میانمار پر عالمی پابندی لگائی جائیں اور سفیر کو پاکستان سے ملک بدر کیا جائے۔ ہمارے بزدل حکمران سورہے ہیں ہمارے حکمرانوں نے میانمار کے سفارتخانے کی حفاظت کی بزدل حکمرانوں نے ہمارے جذبات کی نمائندگی نہیں کی جہاں مسلمان تکلیف میں ہوں ہمیںان کا ساتھ دینا چاہئے ہمیں کشمیریوں اور فلسطینیوں کا ساتھ دینا چاہئے۔ میانمار کے ساتھ ہر قسم کے تعلقات ختم کئے جائیں ہر مصیبت کے وقت امریکہ نے پاکستان کے دشمنوں کا ساتھ دیا ہمیں امریکہ کی بجائے اللہ پر اعتماد کرنا چاہئے حکمران واشنگٹن کی بجائے مکہ مکرمہ کی طرف رخ کر لیں حکمرانوں کا احتساب اب عوام کو کرنا ہو گا۔ پانامہ سکینڈل میں حکمران خاندان بھی ملوث تھا۔ ابھی نواز شریف کااحتساب نہیں ہوا صرف نااہل ہوئے ہیں۔ احتساب کے لئے جتنے ادارے بنے سب فیل ہو گئے کرپشن وی آئی پی، سیاسی برہمن کرتے ہیں کرپشن ختم کراکے ہر پاکستانی کو تسلیم اور مفت تعلیم دے سکتے ہیں خود کو سیاست دان کہنے والوں کا مقصد اپنے اثاثوں میںاضافہ کرنا ہے۔ پاکستان کو کرپٹ مافیا اور ڈرگ مافیا نے یرغمال بنایا ہوا ہے ابھی کرپن کے سینکڑوں سومنات باقی ہیں انہیں پاش پاش کریں گے ان کے کتے مکھن کھاتے ہیں اور ڈگری یافتہ نوجوان بیروزگار ہیں۔ میں ڈرنے، جھکنے یادبنے والا نہیں مزدور کا بیٹا ہوں کوئی خرید نہیں سکتا اس نظام کے خلاف بغاوت کا اعلان کرتا ہوں۔ نمائندہ خصوصی کے مطابق گوجرانوالہ میں احتساب مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سرالج الحق نے کہا ملک میں احتساب کے ادارے خودقابل احتساب ہیں میاں نواز شریف کی نااہلی کے بعد کرپشن میں ملوث پیکر کا بھی بلاامتیاز احتساب کیا جائے۔ ہمارا مطالبہ ہے ملکی دولت لوٹنے والوں کا بلا امتیاز احتساب ہونا چاہئے۔ سراج الحق کو بگھی پر بٹھاکر پنڈال میں لایا گیا جبکہ پہلوان بھی اپنا روایتی لباس پہن کر سراج الحق کا خطاب سننے کے لیے پنڈال میں پہنچے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے احتساب مارچ کے سلسلہ میں پرانے ریلوے سٹیشن جی ٹی روڈ گوجرانوالہ میں ایک بہت بڑے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر زبیر گوندل،قائم مقام صوبائی امیر جاوید قصوری،سٹی امیر گوجرانوالہ مظہر اقبال رندھاوا،حافظ حمیدالدین اعوان نے بھی خطاب کیا۔ سرا ج الحق کی قیادت میں احتساب ریلی اسلام آباد جاتے ہوئے شیخوپورہ کی حدود میں داخل ہوئی تو جی ٹی روڈ پر جماعت اسلامی کے رہنماﺅں سرفرازخان، ملک نصراللہ،خالد ورک، میاں رمضان ،لیاقت ندیم، شیخ فیاض، پروفیسر رانا عباد، چودھری کاشف محمود ورک، اسحاق گجرکی قیادت میں سینکڑوں کارکنوں نے والہانہ استقبال کیا اس موقع پر امیر جماعت اسلامی نے کہا ہم کرپشن کا ہر سطح پر محاسبہ چاہتے ہیں انہوں نے مطالبہ کیا گزشتہ 9 برسوں کے دوران ضلع شیخوپورہ میں ہونے والے ترقیاتی کاموں میں کروڑوں روپے کی خرد برد کی تحقیقات کروانے کیلئے اس کا ریکارڈ فوری طور پر نیب کے سپرد کیا جائے۔ وزیرآباد میں سراج الحق نے کہا کرپشن کرنے والے معاشی دہشت گردہیں،صرف نوازفیملی نہیںپانامہ سکینڈل میںملوث سب کااحتساب چاہتے ہیں۔ کامونکے جی ٹی روڈ پر حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا نواز شریف کی نااہلی سے معاملات ختم نہیں ہوئے ابھی تک اُنکی جائیدادیں اور اکاﺅنٹس قبضہ میں نہیں لئے گئے احتساب سب کا ہونا چاہیے خواہ میرے باپ کا نام بھی اس فہرست میں آئے تو اُن کو بھی احتساب سے گزرنا ہوگا۔گکھڑ منڈی میں احتساب مارچ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا ہم پاکستان میں اللہ کے دیئے ہوئے نظام اسلام کے نفاذ کی خاطر جدوجہد کررہے ہیں۔ مریدکے میں سراج الحق نے کہا موجودہ نظام ظالمانہ ہے۔ اسلام کے نفاذ تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ امیر جماعت اسلامی نے رواں ماہ ستمبر میں احتساب ہیڈکوارٹر کی تالابندی کی دھمکی دیدی ہے اور پاناما پیپرز میں بے نقاب ہونے والے 436 افراد کے خلاف کارروائی نہ ہونے پر اکتوبر 2017ءکے پہلے ہفتے میں احتساب ہیڈکوارٹر کے سامنے دھرنے کا اعلان کر دیا۔ احتساب مارچ دوپہر کو لاہور سے شروع ہوا اور پیر کی نصف شب کو راولپنڈی میں ختم ہوا۔
سراج الحق

ای پیپر-دی نیشن