• news

روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی‘ دنیا کو بعد میں پہلے حکومت کو پکارتے ہیں: فضل الرحمن

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+نوائے وقت رپورٹ+این این آئی) جے یو آئی(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ میانمار میں روہنگیا مسلمانوں پر آزمائش ٹوٹ پڑی ہے۔ اُمت مسلمہ کیلئے اہم وقت ہے 5سال قبل میں نے اس سے متعلق متوجہ کیا تھا، کسی نے نوٹس نہ لیا۔ قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سینیٹر طلحہ محمود کا واٹس اپ میسج ملا جو طلحہ محمود نے بتایا‘ وہ زبان سے ادا نہیں کیا جاسکتا۔ میانمار کی فوج روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کررہی ہے۔ ہم دنیا کو بعد میں پکاریں پہلے اپنی حکومت کو پکارتے ہیں۔ روہنگیا مسلمانوں کیلئے آزاد ریاست ہونی چاہیے۔ دہشت گردی تو پاکستان میں بھی ہوتی ہے‘ ایسا تو کچھ نہیں ہوا۔ عالمی ادارے آنگ سان سوچی سے نوبل انعام فوری واپس لیں۔ عالمی اتحاد کا حصہ بنتے وقت کہا تھا دلدل میں جارہے ہیں۔ میانمار میں لاکھوں لوگ بے گھر ہوچکے، دیہات جلا دیئے گئے، خواتین‘ بچوں کو درختوں سے لٹکایا گیا ، اعضاء کاٹے گئے۔ جس طرح انسانیت کی تذلیل ہو رہی ہے ناقابل بیان ہے۔ اتنی سفاکی بربریت پر دنیا خاموش ہے۔ او آئی سی سے توقع نہ رکھیں، او آئی سی تو آئی سی یو میں ہے۔ ہمیں ترک صدر اردگان کا کردار ادا کرنا ہوگا۔ پرویزمشرف نے پوری قوم کو دلدل کی طرف دھکیلا، موجودہ آرمی چیف امریکہ کے خلاف بات تو کررہے ہیں۔ صباح نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کی ہائوس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس سپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق کی زیرصدارت منعقدہوا۔ اجلاس میں قومی اسمبلی کے موجودہ اجلاس کو 21ستمبر تک جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ قومی اسمبلی میں سندھ اسمبلی کے قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن پر قاتلانہ حملے کی مذمت کی گئی جبکہ پنجگور میں شہید ہونے والے ایف سی کے جوانوں اور افسران، کراچی ہاکس بے میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والے افراد، کوئٹہ میں ہزارہ کمیونٹی اور لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف شہید ہونے والے مسلمانوں کے ایصال ثواب کے لئے دعائے مغفرت کرائی گئی۔این این آئی کے مطابق حکومتی و اپوزیشن ارکان قومی اسمبلی نے میانمار میں مسلمانوں کے قتل عام ٗ نسل کشی پرسخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آنگ سانگ سوچی سے نوبل انعام چھین لینا چاہیے ٗ بنگلہ دیش کی وزیراعظم حسینہ واجد کے میانمار کے مسلمانوں اور پالیسی کی مذمت کرتے ہیں ٗ پاکستان میانمار میں اپنا پارلیمانی یا حکومتی وفد بھجوائے ٗمظلوموں کی امداد کی جائے ٗ وزیراعظم روہنگیا مسلمانوں کی مدد کے لئے فنڈ قائم کریں۔قومی اسمبلی کو بتایا گیا پاکستان کرکٹ بورڈورلڈکپ میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی کاجائزہ لے رہا ہے‘ برآمدات میں بہتری اور خسارہ کم کرنے کیلئے حکومت نے بہت سے اقدامات اٹھائے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن