پشاور :فلور مل میں داعش کا ہیڈ کوارٹر فورسز کا چھاپہ جھڑپ میں 2 دہشت گرد ہلاک
پشاور(صباح نیوز) پشاور میں دلہ زاک روڈ پر قائم فلور ملز میں پاک فوج، حساس اداروں، پولیس اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ کارروائی کے دوران جھڑپ میں 2دہشت گرد ہلاک اور 7سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے،ملز کو کالعدم تنظیم داعش کے ہیڈکوارٹر کے طور پر استعمال ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق پشاور میں دلہ زاک روڈ فلورملز میں پاک فوج، حساس اداروں، پولیس اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ فورسز نے مصدقہ اطلاعات پر رات گئے فلورملز پر چھاپہ مارا تو وہاں موجود دہشت گردوں نے فورسز پر فائرنگ کردی اور فائرنگ کا تبادلہ کئی گھنٹے تک جاری رہا۔ترجمان کے مطابق کارروائی میں اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے اور انکشاف ہوا ہے کہ فلور ملز کو کالعدم تنظیم داعش کے ہیڈ کوارٹر کے طور پر استعمال کیا جارہا تھا اور یہ گروہ 2009 سے لے کر اب تک اسی مل سے دہشت گردی کی منظم کارروائیاں کررہا تھا جب کہ فلورمل کا کنٹرول افغانستان سے ہورہا تھا۔ حکام نے بتایا ہے کہ فلورملز سے باقاعدہ طور پر پریس ریلیز، آڈیو اور ویڈیو پیغامات کے علاوہ دہشت گردی کے واقعات کی ذمہ داری کے حوالے سے خبریں بھی جاری کی جاتی رہی ہیں جبکہ خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائیوں سے متعلق منصوبہ بندی بھی اسی جگہ کی جاتی تھی۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق فورسز سے مقابلے میں 2دہشت گرد مارے گئے جن میں سے ایک کی شناخت کالعدم داعش خیبرپختونخوا کے کمانڈر سے ہوئی جبکہ آپریشن میں 7سہولت کاروں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ مقابلے کے بعد ملز مان کے قبضہ سے ملنے والی گولیوں کے خول کی فرانزک رپورٹ بھی آگئی جس سے پتہ چلا کہ مقابلے کے دوران استعمال ہونے والا اسلحہ پشاور میں فورسز کی ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں استعمال ہوا اور اسلحے سے 14 سے زائد وارداتیں کی جا چکی تھیں۔