پیاز ،ٹماٹر کی گرانفروشی جاری، قیمت فی کلو 120 اور 135 تک جا پہنچی
لاہو ر( کامرس رپورٹر ) ملک میں پیاز اور ٹماٹر کی قلت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے صوبائی دارالحکومت میں ستمبر کے دوسرے ہفتے کے دوران بھی پیاز اور ٹماٹر کی پرچون سطح پر گرانفروشی جاری ہے۔ سرکاری نرخوں کے مطابق گزشتہ روز ایک کلو پیاز کی قیمت 80روپے اور ایک کلو ٹماٹر کی قیمت 85روپے تھی لیکن بیشتر علاقوں میں دکاندار ایک کلو پیاز 120روپے اور ایک کلوٹماٹر 135روپے تک فروخت کرتے رہے۔ محکمہ مارکیٹ کمیٹی کے حکام نے رابطہ کرنے پر بتایاکہ رواں سال ٹماٹر کی کاشت کم ہونے جبکہ موسمی تغیرات کے باعث پیاز کی فصل کو نقصان پہنچنے کے باعث ان سبزیوں کی رسد میںکمی آئی ہے۔ گزشتہ سال پیاز اور ٹماٹر کے 150ٹرک روزانہ بھارت سے آرہے تھے جس کے باعث ان دنوں ان سبزیوں کی نہ تو قیمتوں میں اضافہ ہوا تھا اور انکی رسد میں کمی آئی تھی ۔حکام نے بتایا کہ اس وقت افغانستان سے راستے پیاز اور ٹماٹر کے ٹرکوں کی آمد شروع ہوگئی ہے اور آئندہ ایک ہفتے تک پیاز اور ٹماٹرکی قیمت میں خاصی کمی ہوگی ۔