• news

واشنگٹن: نائن الیون کی 16 ویں برسی امریکیوں کو دھمکانے والے کو عبرتناک شکست سے دو چار کیا جائے: ٹرمپ

واشنگٹن (آئی این پی) امریکہ میں نائن الیون کی 11 ستمبر کو 16ویں برسی منائی گئی۔ اس موقع پر وہائٹ ہائوس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور انکی اہلیہ نے سٹا ف کے ہمراہ واقعہ کے سوگ میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ اس موقع پر امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ کو دھمکعایا نہیں جا سکتا ہے۔ انہوں نے دہشت گردوں کو خبر دار کرتے ہوئے کہا کہ جس نے بھی امریکیوں کو ڈرانے کی کوشش کی اس کو عبرتناک شکست سے دو چار کیا جائے گا۔ نائن الیون وہ تاریخ ہے جس نے دنیا کی تاریخ بدل دی۔ دہشت گردوں نے امریکی ترقی کی نشانی ورلڈ ٹریڈ سینٹر کو حملوں کیلئے منتخب کیا۔ نیویارک کے ماتھے کا جھومر، ورلڈ ٹریڈ سینٹر لمحوں میں ملبے کا ڈھیر بن گیا۔اس کارروائی میں امریکی ایئرلائن کے دو مسافر طیارے اٹھارہ منٹ کے وقفے سے ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی دونوں عمارتوں سے ٹکراگئے۔ ان واقعات میں تین ہزار کے قریب افراد جان سے گئے۔امریکی میڈیا کے مطابق پنٹاگون پر تباہ ہونے والے طیارے سے189 افراد جان سے گئے۔ اسی دوران پنسلوانیا میں طیارہ گر کر تباہ ہونے سے 44 افراد ہلاک ہوئے۔ان واقعات کے بعد اس وقت کے امریکی صدر جارج بش نے قوم سے خطاب میں کہا کہ دہشت گرد ہماری عمارتوں کی بنیادیں تو ہلاسکتے ہیں لیکن وہ متحدہ ریاست ہائے امریکہ کی بنیاد کو ہاتھ بھی نہیں لگاسکیں گے۔ چند گھنٹوں میں ہی انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کا عندیہ دیا جس کا آغاز 7 اکتوبر کو افغانستان میں آپریشن اینڈیورنگ فریڈم کے نام سے کیا گیا۔نیویارک میں ورلڈ ٹریڈ ٹاورز کے مقام پر تعمیر کی گئی یادگار گراونڈ زیرو اور میوزیم ہر سال امریکیوں کو اس سانحے کی یاد دلاتا رہے گا جس نے نہ صرف امریکا بلکہ پوری دنیا کو دہشت گردی کے خلاف جنگ کی اس آگ میں دھکیل دیا جو نہ جانے کب بجھے گی۔

ای پیپر-دی نیشن