جامعات میں دہشت گردی کے بڑھتے رجحان پر قابو پانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں: چیئرمین ایچ ای سی
اسلام آباد (نامہ نگار) اعلی تعلیمی کمیشن پاکستان کے چئیرمین ڈاکٹر مختار احمد نے کہا ہے کہ ایچ ای سی ملک کو تعلیم پر مبنی معیشت بنانے اور ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے لئے پر عزم ہے، جامعات میں دہشت گردی کے بڑھتے رجحانات پر قابو پانے کے لیے مئوثر اقدامات کر رہے ہیں، دنیا کی نالج اکانومی سے اپنا حصہ وصول کرنے کے لیے ابھی مزید کا م کرنا ہو گا۔ ایچ ای سی کے پندرہ سال مکمل ہونے پرمنعقد کردہ پر یس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ایچ ای سی کے مجموعی کردار پر روشی ڈالی۔ اس موقع پر ایچ ای سی کے ایگریکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر ارشد علی اور ریکٹر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے ریکٹر معصوم یاسین زئی بھی اُن کے ہمراہ تھے۔ ڈاکٹر مختار احمد نے بتایا کہ ایچ ای سی کے قیام کے وقت ملک میں جامعات کی تعداد صرف 59تھی ، تحقیقی مجلات صرف 800اور جامعات میں اندراج اور داخلے کی شرح صرف 2.6فی صد تھی، جبکہ اب جامعات کی تعداد 188ہو گئی ہے، مجلات کی تعداد سالانہ 12000، اور اندراج کی شرح 9فی صد ہوگئی ہے۔ انہوںنے بتایا کہ سال 2025تک جامعات 300تک اور شرح اندراج 15فی صد تک لے جانے کے اہداف پر کام ہو رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اب تک کل 251000طلباء ایچ ای سی کے وظائف سے استفادہ کر چکے ہیں۔ ان طلباء میں سے 59 فی صد کا تعلق دیہی علاقہ جات سے ہے۔ ایچ ای سی جامعات کے 505بلاکس بنانے لئے فنڈ مختص کر چکا ہے جن میں سے 357بلاکس مکمل ہو چکے ہیں اور 148بلاکس پر ابھی کام جاری ہے۔ انہوںنے کہا کہ ایچ ای سی سال 2019میں ہر ضلع میں ایک ادارے کا قیام چاہتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم فیس واپسی سکیم سے اب تک 114اضلاع کے 200,700طلباء مستفید ہو چکے ہیں ۔ تھامپسن روئیڑزکی رپورٹ کے مطابق سال 2016میں پاکستان تحقیقی مجلات کے حوالہ جات کے استعمال کے لحاظ سے برازیل، روس ، بھارت اور چین سے بھی سبقت لے گیا۔ پاکستان ایجوکیشن اینڈ ریسرچ نیٹ ورک کے ذریعے جامعات کو آپس میں مربوط کیا گیا ہے۔ایچ ای سی وژن 2025سے متعلق چئیرمین نے کہا کہ ایچ ای سی مضبوط اعلٰی تعلیمی سیکٹر کا خوہاں ہے جس میں تعلیم تک مساوی رسائی، جامعات کی لیڈرشپ اور گورننس کی بہتری ، اور بہتر تحقیق ، انوویشن اور کمرشلائزیشن پر توجہ مرکوز کی جائے۔ ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ ایچ ای سی نے حال ہی میں آن لائن ڈگریوں کی تصدیق کا عمل شروع کیا ہے۔