پیپلزپارٹی (ورکرز) کا 29 ہزار ووٹوں کی تصدیق نہ ہونے پر تشویش کا اظہار
لاہور (خبر نگار) پاکستان پیپلزپارٹی (ورکرز) نے حلقہ این اے 120کے ضمنی انتخاب میں الیکشن کمیشن کے غیر موثر کردار اور29 ہزار ووٹوں کی تصدیق نہ ہونے پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی صورتحال میں صاف اور شفاف انتخاب ممکن دکھائی نہیں دیتا، تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن) اور زرداری پارٹی کی جانب سے انتخابی ضابطہ اخلاق کو جوتے کے نوک پر رکھا جا رہا ہے جبکہ وفاقی و صوبائی وزراء بغیر کسی خوف کے بیگم کلثوم نواز کی انتخابی مہم چلانے میں مصروف ہیں۔ ان خیالات کا اظہار بینظیر بھٹو کی پولیٹیکل سیکرٹری ناہید خان، پیپلز پارٹی ( ورکرز) کے صدر ڈاکٹر صفدر عباسی اور این اے 120سے امیدوار ساجدہ میر نے پانڈو سٹریٹ اور ہندو کیمپ پرانی انار کلی میں ڈور ٹو ڈور مہم کے دوران ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر سردار حُر بخاری، سلیم خان، آمنہ زیدی، ابن رضوی سمیت کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ ناہید خان اور صفدر عباسی نے کہا کہ الیکشن کمیشن حلقہ این اے 120کے ضمنی انتخاب میں بطور ادارہ اپنا کردار ادا کرنے میں ناکام رہا ہے جس سے 17ستمبر کو انتخاب کی شفافیت پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز بلٹ پروف گاڑی سے نیچے اتر کر انتخابی مہم چلائیں تو انہیں حلقے کی حالت زار بارے آگاہی حاصل ہو۔ ساجدہ میر نے کہا کہ ہمارا ریاست کے ساتھ پیسے کو پانی کی طرح بہانے والی جماعتوںکے ساتھ بھی مقابلہ ہے۔