فاروق ستار میئر کراچی کی کارکردگی پر برہم‘ بلدیاتی نظا م سے علیحدگی کی دھمکی
کراچی(اے این این ) ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے میئر کراچی وسیم اختر کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔کراچی میں حالیہ بارشوں کے بعد شہر کی بدترین صورتحال کے پیش نظر ڈپٹی میئر نے فوج سے مدد طلب کی تھی۔ذرائع کے مطابق فاروق ستار میئر اور ڈپٹی میئر کی کارکردگی سے ناخوش ہیں اور اس حوالے سے کراچی کی مقامی حکومت کی کارکردگی میں تبدیلی بھی زیر غور ہے۔ فاروق ستار نے بلدیاتی حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس طلب کیا جس میں میئر کراچی، ڈپٹی میئر اور ضلعی چیرمینوں نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار نے میئر کراچی کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ میرے لیے شرمندگی کا باعث بن رہے ہیں۔فاروق ستار نے میئر، ڈپٹی میئر اور ڈسٹرکٹ چیرمینوں سے کارکردگی متعلق رپورٹ طلب کرلی ہے۔رابطہ کمیٹی کا آئندہ اجلاس اب تین دن بعد طلب کیا گیا ہے جس میں کارکردگی رپورٹ سمیت دیگر معاملات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فاروق ستار نے سندھ حکومت کو تنبیہ کی کہ اگر ان کے ساتھ تعاون نہ کیا گیا تو تمام بلدیاتی اداروں سے مستعفی ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے بلدیاتی نمائندوں کو ہدایت کی کہ کراچی میں کچرا اٹھانے اور سیوریج نظام بہتر بنانے کے لئے کیلیے جنگی بنیادوں پر کام کیا جائے۔دوسری جانب میئر کراچی وسیم اختر نے مزار قائد پر حاضری دی تو اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران صحافی نے ان سے ان کی تبدیلی سے متعلق سوال کیا جس پر وسیم اختر کا کہنا تھا کہ اس قسم کی باتیں اس ملک کی سیاست کا حصہ بن چکی ہیں۔