• news

ساہیوال: پانچویں بیٹی پیدا ہونے اور گھریلو جھگڑے پر 3افراد کی خودکشی

ساہیوال (نمائندہ نوائے وقت) پانچویں بیٹی پیدا ہونے اور گھریلو جھگڑے پر 3افراد کی خودکشی۔ نواحی گائوں 45/5-L کے 40سالہ غلام باری کے ہاں پانچویں بیٹی کی پیدائش ہوئی جس پر وہ دلبرداشتہ ہوگیا۔ یوسف والا کے قریب نہر ایل بی ڈی سی میں کود کر خودکشی کرلی۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 نے نعش کی تلاش کیلئے آپریشن شروع کردیا‘ ابھی تک اس کی نعش نہیں مل سکی۔ چک 9/110 ایل جہان خاں کے 23سالہ نوجوان علی شیر نے والدین کی ڈانٹ پر خود کو گولی مار لی جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ جہاز گرائونڈ کے جاوید دکاندار کے بیٹے محسن جاوید کا گھریلو کام کے سلسلہ میں بھائی سے جھگڑا ہوگیا ، والدین نے بھی اسے ڈانٹ پلا دی جس پر دلبرداشتہ ہوکر اس نے زہر کھالیا۔ محسن کو بے ہوشی کی حالت میں سول ہسپتال لایا گیا مگر وہ دم توڑ گیا۔

ای پیپر-دی نیشن