کراچی: فائرنگ، پی پی کونسلر قتل، 2 پولیس اہلکار زخمی، رینجرز کارروائیاں، 7 ملزم گرفتار
کراچی (کرائم رپورٹر+ نیٹ نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) کراچی کے علاقے لیاری سینگولین میں فائرنگ سے پیپلزپارٹی کا کونسلر جاں بحق ہو گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق فرحان گھانچی یو سی 13 سے پی پی کے کونسلر تھے پولیس نے قتل کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ دریں اثناء کراچی کے علاقے رضویہ سوسائٹی میں تلاشی کے دوران نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ ایس ایچ او رضویہ ارشد جنجوعہ کا کہنا تھا کہ ایک نامعلوم مسلح موٹرسائیکل سوار نے جہانگیر آباد میں جامع تلاشی کے دوران پولیس کی موبائل وین پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار سراج الدین اور ذیشان صفدر زخمی ہو گئے، پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ زخمی پولیس اہلکاروں کو طبی امداد کیلئے ایک نجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ قبل ازیں رینجرز کے کراچی کے مختلف علاقوںمیں چھاپے سنی علما اور پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ سمیت مختلف جرائم میںملوث ساتء ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ ایمونیشن اور لوٹا ہوا مال برآمد کرلیا گیا ۔پاکستان رینجرز سندھ کے ترجمان کے مطابق رضویہ اور شیر شاہ میں چھاپے مار کر تین ملزمان فراز حسین، امجد خان اور عاصم کو گرفتار کیا گیا۔ اس کے علاوہ اتحاد ٹائون اور سعید آباد سے بھتہ خوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث لیاری گینگ وار کے دو کارندوں محمد بلال اور محمد عتیق کی گرفتاری عمل میں آئی ہے جبکہ سہراب گوٹھ سے ڈکیتی کی وارداتوںمیں ملوث ملزم عبدالستار سہتو اور ماڈل کالونی سے سٹریٹ کریمنل مدثر کو گرفتار کیا گیا ہے۔