• news

مریم نواز کی کوریج‘ آر او این اے 120 نے پی ٹی وی کیخلاف الیکشن کمشن کو کیس بھجوا دیا‘ ملی مسلم لیگ کیس میں جواب نہ آنے پر وزارت داخلہ کیخلاف برہمی

اسلام آباد (این این آئی) ریٹرننگ آفیسر ضمنی انتخاب حلقہ این اے 120 لاہور نے پاکستان ٹیلیویژن کارپوریشن کیخلاف الیکشن کمشن کو کیس بھجوادیا جس میں یہ کہا گیا ہے کہ پی ٹی وی نے 10 ستمبر 2017 ء کومریم نواز کی لاہور میں رات 8 بجے کی ریلی کو بھرپور کوریج دی۔ ریٹرننگ آفیسر نے اس کیخلاف کارروائی کرنے کو کہا ہے ۔ ریٹرننگ آفیسر ضمنی انتخاب حلقہ این اے 120 لاہور نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے کہ ایک قومی ادارہ کیوں مسلم لیگ (ن) کی ریلی کو کوریج دے رہا ہے؟ اسی سلسلے میں جی ایم پی ٹی وی سے تین دن کے اندر وضاحت مانگی جائے کہ آیا یہ کوریج کیوں کی جار ہی ہے اور ساتھ ہی یہ بھی درخواست کی گئی ہے کہ این اے 120 میں تمام امیدواروں کو یکساں کوریج دی جائے نہ کہ صرف ایک امیدوار کو۔ مزید برآں الیکشن کمشن نے وزرات داخلہ کی جانب سے ابھی تک جواب موصول نہ ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بات کی کھل کر وضاحت کر دی تھی کہ ملی مسلم لیگ کے نام سے کوئی بھی سیاسی جماعت الیکشن کمشن کیساتھ رجسٹرڈ نہیں ہے، نہ ہی اس کو کوئی انتخابی نشان الاٹ ہوا ہے اور نہ ہی اسکی کوئی قانونی حیثیت ہے۔ اس سلسلے میں الیکشن کمشن کی جانب سے وزارت داخلہ کو 24 اگست 2017ء کو ایک خط بھی لکھا گیا تھا جس میں اس بات کی وضاحت مانگی گئی تھی اور اسکی قانونی حیثیت کے بارے میں سوال اٹھایا گیا تھا۔ وزارت داخلہ نے الیکشن کمشن کو ابھی تک کسی قسم کا کوئی جواب نہیں دیا۔ الیکشن کمشن نے پیر کو ملی مسلم لیگ کے حوالے سے کیس کی سماعت کے دوران حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا گیا کہ سیکرٹری داخلہ سے 15 دن کے اندر اس معاملے پر جواب طلب کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن