افغانستان: خودکش حملہ‘ 2 امریکی فوجیوں سمیت 5 زخمی
کابل(اے این این+اے ایف پی ) بگرام ائر فیلڈ کے قریب طالبان کے نیٹو کانوائے پر خود کش کار بم دھماکے میں 2 امریکی فوجی اور 3 راہگیر زخمی ہو گئے۔ ترجمان طالبان نے دعویٰ کیا 3 گاڑیاں تباہ اور 24 غیرملکی فوجی ہلاک کر دیئے ہیں۔ پولیس چیف محی الدین سروری نے کہا کہ 300 کے قریب افغان طالبان گزشتہ کئی دنوں سے صوبہ نورستان کے ڈسٹرکٹ برگ ماتل میں موجود تھے اور حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے‘ ان کو بمباری سے نشانہ بنایا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ افغان فورسز کی فضائی کارروائی میں 55جنگجو ہلاک ہوئے جن میں2کمانڈر بھی شامل ہیں۔آئی این پی کے مطابق صوبہ لوگر میں فضائی کاروائی میں طالبان کے مقامی رہنما سمیت 4جنگجو ہلاک ہوگئے ۔ فضائی حملے میں مارے جانے والے طالبان رہنما کی شناخت قاری اسماعیل عرف میر محمدی کے نام سے ہوئی ہے ۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فضائی حملے میں طالبان رہنما کے دیگر تین ساتھی بھی مارے گئے جن کی شناخت قاری سراج الدین ،احمد گل اور محمد طاہر کے نام سے ہوئی ہے ۔