حدیبیہ کیس میں دونوں بھائی نااہل ہونگے مجید نظامی اصل سچے اور حقیقی پاکستانی تھے: شیخ رشید
پیرس ( صاحبزادہ عتیق سے ) اوورسیز پاکستانی مایوس نا ہوں پاکستان کو کچھ نہیں ہوگا۔ شریف فیملی اپنے آپ کو پاکستان کیلئے ناگزیر سمجھتی ہے۔ حدیبیہ کیس میں دونوں بھائی نااہل بھی ہوں گے اور جیل بھی جائینگے۔ مرحوم مجید نظامی اصل ، سچے اور حقیقی پاکستانی تھے۔ ایٹمی دھماکے کروانے کیلئے ان کا نواز شریف پر بہت دباؤ تھا۔ ان خیالات کا اظہار عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے پیرس اجتماع سے خطاب میں کیا۔ اہتمام تحریک انصاف فرانس نے کیا۔ تحریک انصاف ، عوامی تحریک ، مسلم لیگ ق کے عہدیداروں، کارکنوں اور پاکستانی کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شیخ رشید نے اپنے خطاب میں شریف فیملی کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ سانپ ابھی زخمی ہوا ہے مرا نہیں۔ پانچ کا ٹولہ ملک کو برباد کرنے پر تلا ہوا ہے۔ پوری کیبنٹ میں صرف گوہر ایوب ، راجہ ظفرالحق اور شیخ رشید تھے جنہوں نے ایٹمی دھماکے کرنے کی بات کی۔ چوہدری گلزار لنگڑیال ، یاسر خان ، زاہد ہاشمی ، چوہدری طارق ندیم ، طاہر اقبال ، یاسر قدیر اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ بہتر پاکستان کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔ اور پاکستان کے بہتر مستقبل کی امید صرف عمران خان ہیں۔