پاکستان اسلامی دنیا کا اہم ملک‘ خطے میں امن و استحکا م کیلئے کلیدی کردار ادا کر رہا ہے: بحرین
منامہ(آئی این پی ) بحرین کے نائب وزیر اعظم شیخ محمد بن مبارک الخلیفہ نے کہا ہے کہ بحرین پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے،پاکستان اسلامی دنیا کا اہم رکن ملک ہے جو خطے میں امن واستحکام کیلئے کلیدی کردار ادا کررہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بحرین میں پاکستان کے سفیر جاوید ملک نے دارالحکومت منامہ میں بحرین کے نائب وزیراعظم شیخ محمد بن مبارک الخلیفہ سے ملاقات کی۔ جس میں جاوید ملک نے انہیں دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں توسیع اوربہتری کیلئے کئے گئے مختلف اقدامات کے بارے میں بتایا۔ اس موقع پر شیخ محمد بن مبارک الخلیفہ نے کہاکہ بحرین پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ پاکستان کے بحرین اورخلیج تعاون کونسل کے رکن ملکوں کے ساتھ مضبوط تعلقات ہیں اور ہمارے لوگوں اورملکوں کی ترقی ایک دوسرے سے منسلک ہے۔ دوسری طرف بحرین کے وزیرخارجہ الشیخ خالد بن احمد آل خلیفہ نے ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کا ملک امت دشمنوں، دہشت گردی کے مدد گاروں، دہشت گرد تنظیموں کے ایجنٹوں اور شیاطین کے حامیوں کے خلاف سعودی عرب کے شانہ بہ شانہ کام کرتا رہے گا۔ قطر کا بائیکاٹ کرنے والے چاروں ملکوں بحرین، سعودی عرب، مصر اور امارات نے دوحہ کو فوجی کارروائی کی کوئی دھمکی دی اور نہ ہی آئندہ ایسا کوئی امکان ہے، تاہم وہ خطے کی اقوام کو کسی خطرے سے دوچار کرنے کی کسی صورت میں اجازت نہیں دی جائے گی۔