بہادر پاکستانی قوم کی طرح ورلڈ الیون کے کھلاڑی بھی پرجوش ہیں: اینڈی فلاور
لاہور(سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) ورلڈ الیون کے کوچ اینڈی فلاور نے کہا ہے کہ مجھے کوچ کی حیثیت سے ورلڈ الیون کی نمائندگی پر خوشی ہے، ورلڈ الیون میں دنیائے کرکٹ کے بہترین کرکٹرز موجود ہیں۔ انہوں نے گذشتہ روز ورلڈ الیون کے کپتان فاف ڈوپلیسی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 2009 ءکے بعد بہادر پاکستانی قوم کو انٹرنیشنل کرکٹ سے دوری سہنا پڑی۔ اینڈی فلاور نے کہا ہے کہ پاکستان نے زمبابوے کرکٹ کے ابتدائی دنوں میں بہت مدد کی، پاکستان کے عوام اب کرکٹ اپنے ملک میں دیکھیں گے، یہ خوشی کی بات ہے۔ ورلڈ الیون کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے کہا کہ پاکستان آنےوالی ورلڈ الیون کی قیادت پرفخر ہے، جنوبی افریقی کی ٹیم کو دورہ پاکستان پر آمادہ کروں گا۔فاف ڈوپلیسی نے کہا کہ خواہش تھی کہ پاکستان میں عالمی کرکٹ بحال ہو، دورہ پاکستان کے لیے فیملی نے بھی سپورٹ کیا، پاکستانی عوام کی میزبانی پر ان کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ امید ہے شائقین کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی، خوشی ہے پاکستانی عوام اپنے ملک میں کرکٹ دیکھیں گے۔کپتان ورلڈ الیون نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرکٹ کا بہت ٹیلنٹ موجود ہے، پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی دیکھنا چاہتے ہیں۔ پریس کانفرنس سے قبل ورلڈ الیون ٹیم کے کپتان فاف ڈپلوسی کو ان کے نام کی شرٹ بھی دی گئی۔اس موقع پر فاف ڈپلوسی کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کی میزبانی پر ان کے شکر گزار ہیں اور امید ہے کہ شائقین کرکٹ کو بہترین کرکٹ دیکھنے کا موقع ملے گا۔فاف ڈپلوسی نے کہا کہ پاکستان آنے والی ورلڈ الیون کی قیادت پر فخر ہے جس کا بولنگ اٹیک اچھا ہے اور ٹیم میں شامل تمام کھلاڑی عالمی شہرت یافتہ اور ہر اعتبار سے متوازن ہیں۔