• news

عظیم مقصد کیلئے لاہور آئے، ہوم ٹاﺅن پر اچھی کارکردگی دکھاﺅں گا: عمران طاہر

لاہور (سپورٹس رپورٹر) ورلڈ الیون کے سپن باﺅلر اورجنوبی افریقہ کے کھلاڑی عمران طاہر کا کہنا تھا کہ ہم ایک بڑے مقصد کیلئے لاہور آئے ہیں جو کہ کرکٹ سے بڑھ کر ہے، میرے اس کام کی وجہ سے چند سال بعد لوگ مجھے اچھے الفاظ میں یاد کریں گے، بہت عجیب احساسات ہیں یہاں اپنے ہوم ٹاﺅن ہوم گراﺅنڈ پر کھیل رہا ہوں ۔ میرا خواب تھا کہ لاہور میں اپنے ہوم کراﺅڈ اپنی فیملی کے سامنے کھیلوں۔ پریکٹس سیشن بہت اچھا رہا ہے۔ امید ہے کہ اچھی کرکٹ کھیل کر گھر واپس جائیں گے۔اس سیریز کے کافی مثبت پہلو دکھائی دے رہے ہیں۔ میں لوگوں کو کہوں گا کہ وہ پاکستان آئیں۔پاکستان کے خلاف کھیلنے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ میں جس کے خلاف بھی کھیلتا ہوں یہی سوچ کر کھیلتا ہوں کہ مجھے اچھا کرنا ہے۔ پاکستانی ٹیم ایک اچھی ٹیم ہے۔ بہت اچھی سائیڈ ہے۔خواہش تھی کہ پاکستان سے کھیلتا۔ میرے ماں باپ، بہن بھائی سب یہاں ہیں۔ مگر اللہ کا نظام ہے ، مجھے یہاں نہیں جنوبی افریقہ میں موقع ملا جس پر مجھے فخر ہے کہ میراخواب پورا ہوگیا۔ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس آئی ہے تو سب کیلئے خوشی کی بات ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن