ریکارڈ ٹمپرنگ کیس: ظفر حجازی ملزم قرار‘ ایف آئی اے نے چالان عدالت جمع کرا دیا
(صباح نیوز+ آن لائن)وفاقی تحقیقاتی ادارے نے چودھری شوگرملز ریکارڈ ٹمپرنگ کیس کا چالان اسلام آباد کی مقامی عدالت میں جمع کرا دیا، سپیشل جج سینٹرل نے ملزم ظفرحجازی کو 26 ستمبر کو طلب کر لیا۔منگل کو اسلام آباد کی سپیشل جج سینٹرل ارم نیازی نے چودھری شوگرملز ریکارڈ ٹیمپرنگ کیس کی سماعت کی۔ ایف آئی اے کی جانب سے مقدمے کا چالان عدالت میں جمع کرایا گیا جس میں سابق چیئرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی کو ملزم قرار دیا گیا ہے۔ چالان میں ایف آئی آر، فرانزک رپورٹ، گواہوں کے بیانات شامل ہیں۔ عدالت نے ملزم ظفر حجازی کو سمن جاری کرتے ہوئے26 ستمبر کو پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔دوسری جانب سابق چیئرمین ایس ای سی پی ظفرحجازی نے ریکارڈ ٹیمپرنگ کا مقدمہ خارج کرنے کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔انہوںنے اپنے خلاف ریکارڈ ٹیمپرنگ کیس کا مقدمہ خارج کرنے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی جس میں وفاق، ایف آئی اے، ایس ایچ او سپیشل انوسٹی گیشن یونٹ کوفریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں موقف اپنایا گیا استغاثہ کی جانب سے مقدمے کا اندراج بد نیتی پر مبنی ہے، ایف آئی اے نے انکوائری میں صرف 4 گواہان کے بیانات کو مدنظر رکھا۔درخواست میں مزید کہا گیا کیس میں گواہان خود ایس ای سی پی کے افسران ہیں اور گواہان نے اپنی غلطی کا ملبہ مجھ پرڈالنے کی کوشش کی۔ درخواست میں استدعا کی گئی مقدمے کا اندراج غیرقانونی ہے۔ فریقین کو میرے خلاف کسی قسم کی کارروائی کرنے سے روکا جائے اور مقدمہ خارج کیا جائے۔