انٹرنیشنل کرکٹرز کی آمد تازہ ہوا کا جھونکا‘ دنیا میں پاکستان کے پرامن ہونے کا پیغام جائے گا: شہباز شریف
لاہور+لندن (خصوصی رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہاہے کہ ورلڈ الیون کے عالمی کرکٹرز کی پاکستان آمد کھیل کے میدان میں تازہ ہوا کے جھونکے کی مانند ہے جس سے پاکستان میں بین الاقوامی کھیلوں کی راہ ہموار ہوگی اور امید ہے کہ بین الاقوامی ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی۔ اقوام عالم میں پاکستان کے ایک پرامن ملک ہونے کا پیغام جائیگا اور پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر ہوگا۔ پنجاب حکومت نے ورلڈ الیون اور پاکستان الیون کے مابین میچوں کیلئے بہترین انتظامات کئے ہیں جو عالمی معیار کے ہیں اور مجھے امید ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹرز پاکستان سے اچھی یادیں لے کر جائیں گے اور شائقین کرکٹ بھی ان میچوں کے مقابلوں سے صحیح معنوں میں محظوظ ہوں گے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے پاکستانی ہائی کمشن لندن میں شعبہ صحت سے وابستہ برطانیہ میں مقیم ماہرین اور کمپنیوں کے اعلیٰ حکام نے ملاقات کی جس میں پنجاب کے شعبہ صحت میں اصلاحات، سرمایہ کاری اور طبی سہولتوں کی بہتری کے امور پر بات چیت کی گئی۔ برطانیہ میں مقیم ہیلتھ پروفیشنلز، ماہرین اور ہیلتھ سیکٹر کے سرمایہ کاروں نے پنجاب حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا اور حکومت کی جنیٹوریل سروسز کی آئوٹ سورسنگ اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی پالیسی اور اصلاحات کی ستائش کی۔ شہباز شریف نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی ڈاکٹروں، ماہرین صحت اور برطانوی کمپنیوں کو پنجاب میں شعبہ صحت میں تعاون اور سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے ہیلتھ سیکٹر میں انقلابی نوعیت کی اصلاحات متعارف کرائی ہیں اور شعبہ صحت کی بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات بارآور ثابت ہو رہے ہیں۔ طبی سہولتوں کی بہتری میرا مشن ہے اور اس ضمن میں ہر ضروری اقدام کیا جا رہا ہے۔ لندن میں ہیلتھ کیئر روڈ شو کا کامیاب انعقاد کیا گیا ہے اور برطانوی ہیلتھ کیئر کی کمپنیوںکے سینئر نمائندوں، سرمایہ کاروں اور طبی ماہرین کی روڈ شو میں بڑی تعداد میں شرکت حوصلہ افزا ہے۔ ہیلتھ سیکٹر سے وابستہ برطانوی سرمایہ کار کمپنیاں پنجاب کے شعبہ صحت میں کھلے دل سے سرمایہ کاری کریں، انہیں ہرممکن سہولتیں دینگے۔