• news

چین کی طرف سے میانمار حکومت کے کریک ڈائون کی حمایت: سوچی سفاک عورت ہے: خامنہ ای

ینگون + ڈھاکہ + لاہور (صباح نیوز + آن لائن + نامہ نگاران + خصوصی نامہ نگار) میانمار کی سرزمین روہنگیا مسلمانوں کیلئے تنگ کر دی گئی۔ میانمار فوج کی جانب سے بنگلہ دیش سرحد کیلئے قریب بچھائی گئی بارودی سرنگوں کا نشانہ بن کر کئی مسلمان لہولہان ہو چکے۔ صورتحال پر غور کیلئے سلامتی کونسل کا اجلاس آج ہوگا۔ بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے روہنگیا پناہ گزینوں کے کیمپ کا دورہ کیا۔ انہوں نے برمی رہنما آنگ سان سوچی کو ایک پیغام میں لکھا ہے کہ میانمار کو پناہ گزینوں کو واپس لینا چاہئے کیونکہ وہ ان کے اپنے لوگ ہیں۔ انہوں نے حالیہ تشدد کی لہر میں روہنگیا جنگجوئوں کے کردار کی بھی مذمت کی۔ انہوں نے کہا ہمیں انہیں پناہ دینی ہے تاکہ وہ خوراک اور ادویات حاصل کر سکیں۔ پاکستان سنی تحریک تاجر ونگ کے زیراہتمام میانمار میں مسلمانوں پر ہونے والی بدترین قتل و غارت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ صوبائی آفس پیر مکی کے باہر کیا گیا۔ علامہ مجاہد عبدالرسول خان‘ شیخ محمد نواز قادری‘ حافظ امجد حسین وٹو نے کہا کہ میانمار کے مسلمانوں کے تحفظ کیلئے جہاد فرض ہو چکا ہے۔ علاوہ ازیں آنگ سانگ سوچی کے خلاف نوبل انعام واپس لینے کی پٹیشن پر چار لاکھ سے زائد افراد نے دستخط کر دیئے۔ اس پٹیشن کا مقصد آنگ سانگ سوچی سے اس نوبل پیس پرائز کو واپس لینا ہے جو انہیں 1991ء میں دیا گیا تھا۔ اے ایف پی کے مطابق ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای نے کہا ہے کہ میانمار میں معصوم مسلمانوں کو قتل کیا گیا۔ میانمار کی حکومت ظالم ہے اور اس کے اوپر نوبل انعام یافتہ سفاک خاتون آنگ سان سوچی بیٹھی ہے۔ مسلمانوں پر مظالم سوچی کے نوبل انعام کی موت ہے۔ مسلمان ممالک مسئلہ حل کرانے کیلئے میانمار پر سیاسی اور اقتصادی دبائو ڈالیں۔ چین نے منگل کے روز میانمار حکومت اور فوج کے حق میں بیان دیا اور چینی وزارت خارجہ کے ترجمان جینگ شوانگ نے راکھائن میں امن و استحکام کی آنگ سان سوچی کی حکومتی کوششوں کو سراہا۔ ترجمان نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ ہمیں امید ہے کہ راکھائن میں حالات جلد معمول کے مطابق ہو جائیں گے اور زندگی دوبارہ لوٹ آئے گی۔ بھارتی حکومت نے ملک میں آنے والے روہنگیا مسلمانوں کو غیرقانونی پناہ گزین قرار دیدیا۔ وزیر داخلہ راجناتھ نے کہا کہ مہاجرین سکیورٹی کیلئے خطرہ بن سکتے ہیں اس لئے حکومت نے ان کیخلاف سخت رویہ اختیار کر رکھا ہے۔سانگلا ہل سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق مقامی سماجی تنظیم عوامی ویلفیئر سوسائٹی کے زیر انتظام نجی تعلیمی ادارے ظفر ماڈل ہائی سکول کے زیراہتمام میانمار میں مسلمانوں پر ہونے والے ریاستی مظالم کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن کی اپیل پر مقامی ایپکا یونٹ نے احتجاجی ریلی نکالی، ریلی کے شرکاء سے ضلعی سینئر نائب صدر الطاف گھمن، مقامی سینئر نائب صدر اقبال شیخ، افتخار واہلہ، افضل، طاہر چٹھہ، ساجد صدیقی، مقبول اور ضیا نے خطاب کیا۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق مسیحی برادری کی سینکڑوںخواتین اور مرد میانمار میں مسلمانوں پر ہونے والے وحشیانہ مظالم پر شدید احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے۔ چونیاں سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق پاکستان میڈیا کونسل رجسٹرڈ تحصیل چونیاں نے بھی احتجاج کیا۔ پاکستان نے میانمار میں جاری ظلم و ستم کے فوری خاتمے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے میانمار کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے تحقیقاتی مشن کو فوری طور پر متاثر ہ علاقے میںجانے کی اجازت دے جبکہ عالمی برادری برما میں مسلمانوں کی خونریزی رکوانے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب ایمبیسڈر فرخ عامل نے اقوام متحدہ کی ہیومین رائٹس کونسل کی 36ویں اجلاس کے دوران اپنے ایک بیان میں کہا کہ مسلمانوں کا قتل عام کیا جارہا ہے جس پر امت مسلمہ میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن