ثبوت موجود ہیں بھارت پاکستان میں انتشار چاہتا ہے‘جسے ووٹ کا حق ہو وہ بچہ نہیں ہوتا: احسن اقبال
اسلام آباد+کراچی((صباح نیوز+ سٹاف رپو رٹر))وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ سول آرمڈ فورسز کے ذریعے بارڈرز کو بہترجبکہ کوسٹ گارڈز کو ماڈرن فورس بنائیں گے، دراندازی کو روکنے کیلئے افغان سرحد کی موثر نگرانی کر رہے ہیں، دہشت گرد گروہ اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو ورغلاتے ہیں،ثبوت ہے کہ بھارت پاکستان میں انتشار پیدا کرنا چاہتا ہے،خواجہ اظہار پر قاتلانہ حملے میں گرفتار گروہ سے موثر معلومات ملیں، پاکستان کی تمام سول آرمز فورسز کو سلام پیش کرتا ہوں، ہم نے دہشت گردی کے خلاف جو کامیابیاں حاصل کی ہیں انہیں مستحکم کرنا ہے۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا مضبوط معیشت ہی مضبوط ملک کی ضمانت ہے۔ سمندری راستے سے سمگلنگ کی روک تھام کی جائے۔ سول اور عسکری نظام کے ذریعے سرحدوں کو محفوظ بنایا ہے۔ تخریب کاری کے لیے نوجوانوں کا دشمن کے ہاتھ چڑھ جانا کسی بھی ملک کیلئے خطرناک ہے۔ یہ افسوسناک ہے کہ پڑھے لکھے نوجوان گمراہ کن خیالات کی طرف راغب ہوجائیں۔ آج ہمیں دہشت گردی کرنے اور پولیس کو مارنے والے نوجوان نہیں چاہئیں، ہمیں نوبل انعام جیتنے والے نوجوانوں کی ضرورت ہے۔ چوہدری نثار نے جہاں کام چھوڑا ہم وہیں سے لے کر چلیں گے، ان کی پالیسی کو مزید بہتر کرنا نقطہ نظر ہونا چاہیے کیونکہ چوہدری نثار بھی مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف حکومت کی پالیسی پر عملدرآمد کررہے تھے۔ ہمیں پاکستان اور اداروں میں اعتماد بحال کرنا ہے، سول حکومت اور عسکری ادارے مل کر آپریشن ردالفساد کو کامیاب کریں گے۔ انہوں نے کہا دشمن ہماری توجہ اقتصادی ترقی اور سی پیک سے ہٹانا چاہتا ہے لیکن ہمیں دانشمندی کے ساتھ قومی مفاد برقرار رکھتے ہوئے امن کو فروغ دینا ہے کیونکہ ہمارا حتمی مقصد پاکستان کو ایشین ٹائیگر اور اقتصادی طاقت بنانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کل بھوشن کا مقدمہ اس وقت انٹرنیشنل کورٹ میں ہے، پاکستان کی جمہوری حکومت اور عسکری ادارے مل کر اس کی پیروی کررہے ہیں، کل بھوشن کے مقدمے کا موثر طریقے سے دفاع کریں گے۔ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال سے ایک صحا فی نے سوال پو چھا کہ بچے سیاسی ہو تے ہیں یا غیر سیا سی ؟اور اگر مر یم نواز کو مسلم لیگ (ن) کا قائد بنا یا جائے تو آپ قبو ل کرلیں گے ۔ اس پروفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ جسے ووٹ دینے کا حق حا صل ہوجائے وہ بچہ نہیں ہو تا ۔ یاد رہے سا بق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ایک حا لیہ ٹی وی انٹر ویو میں کہا تھا کہ بچے غیر سیا سی ہو تے ہیں اور مریم نواز کی حیثیت نوازشریف کی بیٹی کی ہے ۔