راولپنڈی: ٹرالر سے ٹکرا کر وین میں آگ لگ گئی‘4 بچوں سمیت14 افراد زندہ جل گئے‘5 زخمی
راولپنڈی+ لاہور+ کراچی (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ خصوصی رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) موٹروے پر چکری انٹرچینج میں جھنگ سے راولپنڈی آنے والی وین تیز رفتاری سے سامنے موجود ٹرالر سے ٹکرا گئی جس سے ویگن کو آگ لگ گئی۔ اس حادثہ میں 14 افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں چار بچے بھی شامل ہیں۔ دو خواتین کی حالت بھی تشویشناک ہے۔ موٹروے پولیس جائے حادثہ پہنچ گئی۔ جاں بحق اور زخمیوں کو ایمبولینسوں کے ذریعے پمس ہسپتال اسلام آباد منتقل کر دیا گیا۔ حادثہ منگل کی صبح پانچ بجکر دس منٹ پر پیش آیا۔ ویگن میں آگ لگنے سے بری طرح جھلس جانے والے متوفین کی شناخت کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ ڈی این اے ٹیسٹ کرنے کیلئے بھی پولیس اقدامات کر رہی ہے۔ موٹروے پولیس نے جھنگ اڈے سے حادثے کا شکار ہونے والی ویگن کے ڈرائیور کا نام معلوم کیا جو آصف بتایا گیا۔ دو خواتین راشدہ اور شائستہ شدید زخمی ہیں جن کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ جاں بحق ہونے والے چار بچوں میں ایک دس ماہ کا بچہ اور ایک دو سالہ بچی بھی شامل ہیں۔ ترجمان موٹروے پولیس نے بتایا وین میں سوار افراد کے مطابق حادثے کے وقت ڈرائیور کی آنکھ لگ گئی تھی جس کی وجہ سے حادثہ رونما ہوا۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ شہباز شریف نے ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا جبکہ وزیراعلیٰ نے حادثے کے بارے میں حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ ادھر کراچی میں ملیر لنک روڈ پر ٹرک اور وین کے تصادم کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق 6 زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق ٹرک اور سوزوکی کی ٹکر سے 2 خواتین اور 2 بچے بھی جاں بحق ہوئے۔ جاں بحق افراد اور زخمیوں کا تعلق اندرون سندھ سے ہے۔ وین میں ڈرائیور سمیت 13 افراد سوار تھے۔ حادثہ تیزرفتاری اور روڈ پر پڑے گڑھوں کے باعث پیش آیا۔ حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔