کرپشن ختم کرنے کیلئے کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کرینگے: چیئرمین نیب
اسلام آباد (نامہ نگار)قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمرزمان چوہدری نے کہا ہے کہ بدعنوانی خوشحال پاکستان کی راہ میں حائل سب سے بڑی رکاوٹ ہے، اسے برداشت نہیں کیا جائے گا، نیب پاکستان کو کرپشن فری بنانے کے لئے ملک بھر میں زیرو ٹالرینس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ یہ بات انہوں نے نیب کے گزشتہ ماہانہ جائزہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عمل درآمد سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ نیب کو ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے اعلیٰ ادارے کے طور پر قائم کیا گیا ہے جس کو بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقم برآمد کر کے قومی خزانے میں جمع کرانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے انسداد بدعنوانی کی جامع حکمت عملی وضع کی ہے۔ نیب کو سرکاری و نجی اداروں اور افراد کی جانب سے تین لاکھ 43 ہزار 356 شکایات موصول ہوئی ہیں۔