قومی تعلیمی پالیسی 2017ء کے مسودہ پر مشاورت کیلئے اجلاس 19 ستمبر کو کوئٹہ میں ہو گا
اسلام آباد (نامہ نگار) ملک بھر میں یکساں نظام تعلیم اور اعلیٰ تعلیمی معیارات کے نفاذ پر اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے قومی تعلیمی پالیسی 2017ء کے ڈرافٹ پر صوبائی مشاورت کے سلسلے میں 19 ستمبر کو کوئٹہ میں مشاورتی جائزہ اجلاس ہو گا۔ اس اجلاس میں وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کے جوائنٹ ایجوکیشل ایڈوائزر محمد رفیق طاہر، سیکشن آفیسر غلام مرتضیٰ سمیت بلوچستان کے ماہرین تعلیم شریک ہوں گے۔ آئین میں ہونے والی18ویں ترمیم کے بعد وفاقی وزارت تعلیم کی تحلیل ہو چکی ہے اور تعلیم کا شعبہ صوبوں کو منتقل ہو چکا ہے۔ موجودہ حکومت کے دور میں ملک بھر میں یکساں نظام تعلیم اور اعلیٰ تعلیمی معیارات کے نفاذکیلئے قومی تعلیمی پالیسی 2017ء کا ڈرافٹ تیار کر لیا ہے جس پراتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے صوبوں کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔ صوبائی مشاورت کے سلسلے میں پہلا جائزہ اجلاس خیبر پی کے (پشاور) اور دوسرا اجلاس سندھ (کراچی) میں منعقد ہو چکا ہے جس میں صوبائی محکمہ تعلیم کے افسران اور ماہرین تعلیم نے اپنی تجاویز پیش کر دی ہیں اسی سلسلے میں تیسرا مشاورتی جائزہ اجلاس 19 ستمبر کو بلوچستان (کوئٹہ) میں ہو گا۔