صوبائی وزیر اوقاف زعیم قادری سے علما کونسل قاسمی کے وفد کی ملاقات
لاہور (خصوصی نامہ نگار)صوبائی وزیر اوقاف زعیم قادری سے علماءکونسل(قاسمی) کے چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی ۔ علما نے محرم الحرام میں پنجاب بھر میں امن وامان کے قیام کویقینی بنانے کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ وفد میں شعیب الرحمن قاسمی، یونس حسن، حافظ محمد امجد، ضیاءالرحمن فاروقی شامل تھے۔ وزیر اوقاف زعیم قادری نے کہا کہ امن وامان کے قیام کیلئے علماءکا کردار اہمیت کا حامل ہے۔ ماضی کی طرح اس سال بھی محرم الحرام میں تمام مکاتب فکر کے ساتھ مل کر مثالی امن وامان کو یقینی بنائیں گے۔ وزیر اوقاف نے کہا کہ قیام پاکستان اور استحکام پاکستان کیلئے علماءکی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ علماء،خطباءاور دینی قوتیں محب وطن ہیں۔ ملک میں مذہب کے نام پر دہشت گردی قتل و غارت گری خلاف اسلام ہے۔