• news

نیب نے سپیکر خیبر پی کے اسدقیصر‘ رکن قومی اسمبلی افتخار شاہ کے خلاف انکوائری بند کردی

اسلام آباد (آئی این پی+این این آئی+ نامہ نگار )نیب ایگزیکٹو بورڈ نے خیبر پی کے اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر اورحکمران جماعت کے رکن قومی اسمبلی سید افتخارحسین شاہ کے خلاف جاری انکوائری ناکافی شواہد ہونے پر انکوائری بندکرنے اور کرپشن شکایات پر جاری 4انکوائریوں کو تحقیقات میں بدلنے کی منظوری دیدی ، سیالکوٹ سے حکمران جماعت کے رکن قومی اسمبلی سید افتخارحسین شاہ کے خلاف جاری انکوائری بھی بند کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔ چیئرمین نیب قمرزمان چوہدری کی زیرصدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اہم اجلاس ہو اجس میں پانامہ کیس میں بروقت ریفرنسز کی تیاری اور احتساب عدالت میں نیب پراسیکوشن ونگ اور تفتیشی ٹیموں کی کارکردگی کو سراہاگیا۔ نیب بورڈ نے متروکہ وقف بورڈ املاک کے سید آصف ہاشمی کے خلاف کرپشن ریفرنس عدالت میں دائر کرنے کی منظوری دی ۔عمیر سٹیل انڈسٹریز لاہور اور پاورپیک کمپنی کی انتظامیہ کے خلاف بینک نادہندگی پر تحقیقات کافیصلہ کیاگیاہے۔رکن صوبائی اسمبلی عبدالرئوف کھوسو اور سابق ڈائریکٹر سعید احمد جاگیرانی کیخلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر تحقیقات ہونگی۔نیب بورڈ نے کرپشن شکایات پر پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کے افسروں اور واپڈالاہور کے افسروںکے خلاف قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے پر انکوائری کا فیصلہ کیا۔ حکمراں جماعت کے رکن قومی اسمبلی سید افتخارحسین شاہ کے خلاف جاری انکوائری ناکافی شواہد ہونے پر انکوائری بندکرنے کا فیصلہ کیاگیا جبکہ خیبر پی کے اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر کے خلاف کرپشن الزامات پر جاری انکوائری بند کی بھی دی گئی۔علاوہ ازیں نیب نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے سابق وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ بابر غوری کے دور میں کراچی پورٹ ٹرسٹ میں 900سے زائد غیرقانونی بھرتیاں کی گئیں۔ سابق جنرل منیجر کے پی ٹی رئوف اختر فاروقی‘ ارسلان حیات‘ محمدشریف اور دیگر ملزمان کے وکلاء نے عدالت سے ضمانت کی درخواست کی۔

ای پیپر-دی نیشن