وزارت داخلہ کا الیکشن کمشن کوخط، حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی: شیخ یعقوب
لاہور (خصوصی نامہ نگار) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120سے امیدوار محمد یعقوب شیخ نے وزارت داخلہ کی جانب سے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر اعتراض لگائے جانے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت این اے 120 میں اپنی واضح شکست دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے۔ میں آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑ رہا ہوں اور مجھے انرجی سیور کا انتخابی نشان بھی آزاد امیدوار کے طور پر الاٹ ہوا ہے۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ حلقہ این اے 120 میں میری کامیاب الیکشن مہم سے مسلم لیگ (ن) کی صفوں میں کھلبلی مچی ہوئی ہے یہی وجہ ہے کہ کبھی ووٹروں کو دھمکیاں دیکر انرجی سیور پر مہر لگانے سے روکا جارہا ہے تو کبھی وزارت داخلہ کو استعمال کرتے ہوئے الیکشن کمشن کو خط بھجوا کر اس پر دبائو بڑھانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ سابق نااہل وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی کابینہ میں دم خم ہے تو میدان میں رہتے ہوئے مقابلہ کریں۔ اس طرح کے گھٹیا ہتھکنڈوں سے ہمارے عزم و ارادوں کو کمزور نہیں کیا جا سکتا۔ این اے 120 میں مسلم لیگ (ن) کی شکست نوشتہ دیوار بن چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ میرے الیکشن مہم میں حصہ لینے سے نظریہ پاکستان کی دشمن قوتوں اور نریندر مودی سے دوستیاں نبھانے والوں کے پیٹ میں سخت مروڑ اٹھ رہے ہیں۔ مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں کی طرح ملی مسلم لیگ نے بھی اگر آزاد امیدوار کے طور پر میری حمایت کا اعلان کیا ہے تو اس سے مسلم لیگ (ن) کو اس قدر خوفزدہ نہیں ہونا چاہئے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے کابینہ کو ملک میں اپنی دھونس اور دھاندلی کی سیاست دم توڑتی نظر آرہی ہے یہی وجہ ہے کہ حکومت حالیہ انتخابی مہم کے دوران ایک طرف سرکاری سرپرستی میں تمام تر وسائل استعمال کر رہی ہے تو دوسری جانب الیکشن کمشن کو خط لکھنے جیسی گھٹیا حرکتیںکی جا رہی ہیں۔ حکومتی سرپرستی میں کسی غیر آئینی و غیر قانونی حرکت کا ارتکاب کیا گیا تو وہ اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کریں گے۔ اس موقع پر سیف اللہ خالد نے کہا کہ الیکشن کمشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، سوا چار سال تک حلقے میں کام نہیں کرایا گیا اور اب گلیاں، سڑکیں بنوائی جا رہی ہیں۔ بیرون ملک سے علاج کرانے والوں کی پاکستان پر حکمرانی کے خاتمے کا وقت آگیا۔ 17 ستمبر کو انرجی سیور کی کامیابی ہر محب وطن پاکستانی کی کامیابی ہے۔ دھمکی، دھونس سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ۔