• news
  • image

سینٹ میں بھی کورم ٹوٹ گیا‘ ایوان زیریں میں چودھری نثار کا شاندار خیر مقدم

پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں کورم پورا کرنا حکومت کے لئے ایک مسئلہ بن گیا ہے ،قومی اسمبلی میں حکومت کو آئے روز کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے شرمندگی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، بدھ کو سینیٹ میں بھی کورم پورا نہ ہونے کے باعث اجلاس ملتوی کرنا پڑا ،قومی اسمبلی میں بھی کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس ملتوی کرنا پڑا ،سپیکرسردار ایاز صادق کو سوالات کے جوابات نہ آنے پر قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی پندرہ منٹ کے لئے معطل کرنا پڑی ، سپیکر کو یہ کہنا پڑا’’ جواب نہ دینے والے نا اہل لوگوں کی وجہ سے تمام ارکان اسمبلی کو یرغمال نہیں بنایا جا سکتا‘‘۔ وزیر دفاع خرم دستگیر اور سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) ضمیر الحسن شاہ کو اپنے چیمبر میں طلب کرلیا وزرات دفاع کی وجہ سے قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی میں خلل پڑا ہے جب سے چوہدری نثار علی خان نے وزارت داخلہ کا قلمدان دوبارہ سنبھالنے سے معذرت کی ہے وہ پارلیمنٹ میں باقاعدگی سے آرہے ہیں جب وہ ایوان میں آتے ہیں وزراء اور حکومتی ارکان کی جانب سے ان کا خیر مقدم کیا جارہا ہے ،ارکان ان کے گرد ہالہ بنا کر ان سے مستقبل کے حوالے سے استفسار کرتے نظر آتے ہیں ،چوہدری نثار علی خان کچھ دیر ایوان میں اپنی موجودگی سے ہلچل مچا کر چلے جاتے ہیں جس کے بعد ایوان بھی اجڑ جاتا ہے ،لوڈشیڈنگ کے معاملے حکومتی تفصیلات کو مسترد کرتے ہوئے اپوزیشن جماعتوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ایوان سے واک آئوٹ کر دیا ۔ بدھ کو جمعیت علما ء اسلام (ف) کے پارلیمانی لیڈر طلحہ محمود کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی اور سینٹ ارکان نے برما کے روہنگیا مسلمانوں کے لئے امدادی سامان پہنچانے پر سینیٹر طلحہ محمود کی خدمات کو سراہا ۔ ایوان بالا کے اجلاس میں روہنگیا کے مسلمانوں پر انسانیت سوز مظالم کے حوالے سے تحریک التواء پر بحث کے دوران چیئرمین سینٹ نے کہا کہ سینیٹر طلحہ محمود نے روہنگیا پناہ گزینوں کے کیمپوں کا دورہ کیا اور ان تک امدادی سامان پہنچایا اور یہ سب کچھ انہوں نے ذاتی طور پر کیا اس میں کسی سے انہوں نے مدد نہیں مانگی، ان کے اس اقدام کو سراہا جانا چاہیے۔ اس موقع پر ایوان میں موجود ارکان نے ڈیسک بجا کر سینیٹر طلحہ محمود کو خراج تحسین پیش کیا۔ سینٹ کے ارکان نے کہا ہے کہ برما میں روہنگیا مسلمانوں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، عالمی برادری کو اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنے اور ان کے تعاون کے لئے آگے آنا چاہیے، مسلمان متحد ہو کر اس طرح کی زیادتیوں کا جواب دیں، روہنگیا مسلمانوں پر مظالم رکوانے کے لئے اسلامی دنیا سے مضبوط پیغام آنا چاہیے۔ طلحہ محمود نے کہا کہ میں خود ان کیمپوں کا دورہ کر چکا ہوں، وہاں پر لاکھوں افراد کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں، پاکستانی حکومت کو بنگلہ دیش کی حکومت سے بات کر کے پناہ گزینوں کی مدد کرنی چاہیے کیونکہ بنگلہ دیش کی طرف سے امدادی کام کرنے والوں کو ویزے نہیں دیئے جا رہے ہیں، ترکی پناہ گزینوں کی مدد کے لئے بھرپور کام کر رہا ہے، نہال ہاشمی، لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم، غوث محمد خان نیازی، نگہت مرزا، جہانزیب جمالدینی، عثمان کاکڑ، اشوک کمار، سردار یعقوب ناصر اور ایم حمزہ نے کہا کہ روہنگیا مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے، چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ امریکہ یا بھارت کو علاقے میں پولیس مین نہیں بننے دیں گے۔ ایوان بالا میں نیپال میں لاپتہ ہونے والے راولپنڈی کے رہائشی کرنل (ر) حبیب کے معاملہ کی باز گشت سنی گئی ۔سینیٹ میں برما کی صورتحال پر بحث کے دوران روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ ترکی کے بھرپور اظہار یکجہتی پر ترک صدر طیب اردوان کو خراج تحسین پیش کیا گیا جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن ) کے قائمقام صدر سینیٹر سردار یعقوب ناصر نے بھی مسلم ممالک سے میانمار کی حکومت سے تعلقات منقطع کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن