• news

آبی تنازعات: پاکستان، بھارت مذاکرات آج واشنگٹن میں شروع ہونگے، عالمی بنک نگرانی کریگا

اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان اور بھارت کے درمیان آبی تنازعات پر دو روزہ مذاکرات آج (جمعرات کو) واشنگٹن میں شروع ہونگے، سیکرٹری سطح پر ہونے والے ان آبی مذاکرات کی نگرانی عالمی بینک کرے گا۔ذرائع کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان آبی تنازعات پر دو روزہ مذاکرات آج (جمعرات کو) سے واشنگٹن میں شروع ہو رہے ہیں۔ مذاکرات میں شرکت کے لئے پاکستانی وفد واشنگٹن روانہ ہو گیاہے۔وفد میں سیکرٹری پاور یوسف نسیم کھوکھر، انڈس واٹر کمشنر مرزا آصف بیگ، جوائنٹ سیکرٹری واٹر سید مہر علی شاہ شامل ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ 2 روزہ مذاکرات میں پاکستان بھارت کے متنازعہ بجلی منصوبوں رتلے، پکال دل، مہار، لوئر کلنائی پربات چیت کرے گا۔یاد رہے کہ سیکرٹری سطح کے پاکستان بھارت آبی مذاکرات عالمی بینک کی زیرنگرانی ہورہے ہیں۔ پاکستان نے بھارت کی جانب سے تعمیر کئے جانے والے کشن گنگا پن بجلی منصوبے کے ڈیزائن پر اعتراضات اٹھا رکھے ہیں۔ا س کے علاوہ پاکستان کو چناب پر لگائے جانے والے ان چاروں منصوبوں کے ڈیزائن پر اعتراضات ہیں۔واضح رہے کہ رواں سال آبی تنازع پر پاکستان بھارت کے درمیان ہونے والے مذاکرات کا یہ دوسرا دور ہے۔

ای پیپر-دی نیشن