• news

افغانستان میں بھارتی سرمایہ کاری پاکستان دشمنی ہے، خواجہ آصف آج امریکہ جائینگے

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ دوست ممالک کے دورے میں توقعات سے زیادہ ہمارے مؤقف کوپذیرائی ملی۔ افغان مسئلے کا فوجی حل مزید پیچیدگیاں پیدا کرے گا۔افغانستان میں بھارتی سرمایہ کاری پاکستان دشمنی ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام ممالک افغانستان کی مدد کریں۔ آج شام نیویارک جارہا ہوں، دیگر ممالک کے رہنمائوں کے ساتھ بھی امریکہ میں ملاقاتیں ہوں گی۔ ہماری کوششوں کے اچھے نتائج ہوچکے ہیں، افغان وزیر خارجہ سے میری بات ہوچکی ہے۔ افغان مسئلے پر وزیراعظم کو بریف کرچکا ہوں۔ قومی سلامتی کمیٹی کے سامنے یہ معاملہ رکھا جائے گا۔ بھارت کے سیاسی کردار سے متعلق بھی بات ہوئی ہے۔ امریکہ نے واضح کیا ہے کہ افغانستان میں بھارت کا سیاسی کردار نہیں ہوگا۔ افغانستان میں بھارت کا کردار اقتصادی ہوگا۔ بھارت کی انوسٹمنٹ کا اصل مقصد افغانستان کی خیرخواہی نہیں۔ افغان مسئلے کا علاقائی حل نکالنے کی ضرورت ہے۔ افغانستان کی صورتحال سے متاثر ہونے والے ممالک اس کا حل ڈھونڈیں۔ چودھری نثار کی اپنی رائے ہے، ان کی بات کا جواب دینا چاہتا ہوں نہ اس تنازعہ میں پڑنا چاہتا ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن