• news

حامدرضا کی چودھری سرورکے ساتھ انتخابی مہم‘ مدارس کا دورہ‘ علماءسے ملاقاتیں

لاہور (خصوصی نامہ نگار)سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے تحریک انصاف کے راہنما چوہدری محمد سرور کے ہمراہ این اے 120 میں ڈاکٹر یاسمین راشد کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں جامعہ رسولیہ شیرازیہ بلال گنج اور حلقہ کے دوسرے مدارس کا دورہ کیا اور علماءسے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر صاحبزادہ حامد رضا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کرپشن کی دولت حلقہ 120 میں ضمیروں کی سوداگری کے لئے استعمال کر رہی ہے۔ شریف خاندان کی نوٹوں کی بوریاں کلثوم نواز کو شکست سے بچا نہیں سکتیں۔ حلقہ 120 کے علماءڈاکٹر یاسمین راشد کی کامیابی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ باشعور ووٹرز کرپشن سے نفرت کے اظہار کے لئے بلے پر مہریں لگائیں گے۔ پی ٹی آئی کے راہنما چوہدری محمد سرور نے کہا کہ صوفیا کے ماننے والوں کی حمایت سے ڈاکٹر یاسمین راشد کی کامیابی یقینی ہو گئی ہے۔ سانحہ داتا دربار کے ملزمان گرفتار نہ کرنے والے عاشقان رسول کے ووٹ کے حقدار نہیں ہیں۔ 17 ستمبر کو شاہی خاندان کا غرور خاک میں مل جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن