توہین عدالت کیس : عمران پھر پیش نہ ہوئے‘ الیکشن کمشن نے وارنٹ جاری کر دیئے‘ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی کارروائی روکنے کی درخواست مسترد کر دی
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ+صباح نیوز+آئی این پی)الیکشن کمشن نے توہین عدالت کیس میں ایک بار پھر پیش نہ ہونے پر عمران خان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے جبکہ آئندہ سماعت پر انہیں ایک لاکھ روپے کے 2ضمانتی مچلکے بھی جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ الیکشن کمشن نے کیس کی سماعت 25 ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے عمران خان کو ایک بار پھر ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ جمعرات کو چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر اکبر ایس بابر کی طرف سے احمد حسن ایڈووکیٹ اور پی ٹی آئی کی جانب سے بابراعوان پیش ہوئے۔ وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا الیکشن کمشن نے ایک شخص کو ذاتی حیثیت میں طلب کررکھا ہے، جب طلب کیا گیا تو الیکشن کمشن میں پیش ہونا چاہئے تھا، الیکشن کمشن کے حکم کی تعمیل نہیں کی گئی۔ وکیل درخواست گزار نے کہا اداروں کا احترام کرتے تو یہاں ہونا چاہیے تھا لہٰذا الیکشن کمشن قانون کے مطابق کارروائی کو آگے بڑھائے۔ تحریک انصاف کے وکیل بابر اعوان نے کہا عمران خان کی الیکشن کمشن کے خلاف دائر پٹیشن کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کا لارجر بنچ کرے گا جس پر چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ کیا ہائی کورٹ میں آج ہی سماعت ہونی ہے؟ بابر اعوان کا کہنا تھا چیف جسٹس نے لارجر بنچ بنا دیا ہے جو آج سماعت کرے گا جبکہ عمران خان الیکشن کمشن کا احترام کرتے ہیں، جب کہیں گے عمران خان حاضر ہوں گے۔ عمران خان بیرون ملک تھے اور ایک گھنٹہ پہلے ہی واپس پہنچے ہیں۔ قبل ازیں الیکشن کمشن نے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بابر اعوان کا کہنا تھا یہ فیصلہ کرنا ضروری ہے کہ الیکشن کمشن کو توہین عدالت کے کیس کا اختیار ہے یا نہیں۔ پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ کیس ہائیکورٹ میں لگا ہوا تھا الیکشن کمشن کو انتظار کرلینا چاہیے تھا۔ یہ ایک طریقہ کار ہے جس کو الیکشن کمشن نے فالو کیا ہے۔ یہ کوئی اتنی سیریس بات نہیں ہے۔ لیکن الیکشن کمشن کو صبروتحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے تھا۔ عمران خان کی جانب سے بابر اعوان مسلسل الیکشن کمشن میں پیش ہورہے ہیں۔ عمران خان خود الیکشن کمشن میںپیش ہوں گے۔الیکشن کمشن ایک ادارہ ہے اس کے سامنے پیش ہونے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ واضح رہے کہ الیکشن کمشن نے عمران خان کو 14 ستمبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا جبکہ کمشن نے گزشتہ ہفتے عمران خان کو توہین عدالت کیس میں ایک اور شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔
اسلام آباد ( وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمشن میں کارروائی روکنے کی عمران کی درخواست مسترد کردی ہے۔ جمعرات کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں الیکشن کمشن میں توہین عدالت کی کارروائی کے خلاف عمران خان کی درخواست پر سماعت ہوئی۔کےس کی سماعت عدالت عالےہ کے تےن رکنی بنچ نے کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے الیکشن کمشن کی جانب سے اپنے خلاف توہین عدالت کی کارروائی پر حکم امتناع مانگا تھا۔ عدالت نے الیکشن کمشن میں کارروائی روکنے کی عمران خان کی استدعا مسترد کردی۔ عمران خان کی جانب سے بابر اعوان ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور بتاےا کہ الیکشن کمشن نے چیئرمین تحریک انصاف کےخلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ سنادیا۔ الیکشن کمشن نے عمران خان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے اور حکم دیا کہ عمران خان 25 ستمبر تک ذاتی حیثیت میں پیش ہوں اور ایک لاکھ روپے کے مچلکے بھی جمع کرائیں۔ چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی سربراہی میں 5 رکنی کمشن نے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس پر فیصلہ سنایا۔
عمران/ درخواست مسترد