• news

نگران جج کی ہدایت پر نیب حدیبیہ ملز کیس ختم کرنے کیخلاف اپیل آج دائر کریگا : 2 ریفرنسز میں شریف خاندان خزانہ اسحاق ڈار 20 ستمبر کو طلب

اسلام آباد (نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ) حدیبیہ پیپر ملز کیس پر ترجمان نیب نے کہا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ فیصلے کے خلاف اپیل کی جائے گی۔ سپریم کورٹ میں حدیبیہ پیپر ملز ریفرنس کی اپیل آج دائر کی جائے گی۔ لاہور ہائیکورٹ نے حدیبیہ پیپر ملز ریفرنس ختم کرنے کا حکم دیا تھا۔ شریف خاندان پر منی لانڈرنگ کے ذریعے رقم بیرون ملک لے جانے کا الزام ہے۔ شریف خاندان پر التوفیق بنک سے 17 ملین ڈالر قرض لینے کا الزام بھی ہے۔ حدیبیہ پیپر ملز ریفرنس میں نوازشریف‘ شہباز ملزم ہیں۔ ریفرنس میں حسن نواز‘ حسین نواز کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ نیب کا پراسیکیوشن ونگ آج سپریم کورٹ کے رجسٹرار کے دفتر میں حدیبیہ پیپر ملز کیس میں لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل جمع کرائے گا۔ علاوہ ازیں احتساب عدالت نے نیب کی جانب سے دائر مزید 2 ریفرنسز میں بھی شریف خاندان کو 19 ستمبر کو اور وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو نیب ریفرنس میں 20 ستمبر کو طلب کر لیا۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے العزیزیہ سٹیل اور ایوان فیلڈ پراپرٹی سے متعلق ریفرنسز پر ابتدائی سماعت کی۔ نوازشریف اور ان کے بیٹوں کو العزیزیہ سٹیل مل ریفرنس جبکہ مریم اور کیپٹن (ر) صفدر کو لندن فلیٹ ریفرنس میں طلب کیا گیا ہے اور اس کیس کی سماعت بھی 19 ستمبر کو ہوگی۔ اس طرح شریف خاندان کے تمام افراد کو تینوں ریفرنسز میں طلبی کے نوٹسز جاری کرنے کا عمل مکمل ہو گیا۔ نوٹس اسحاق ڈار کے گلبرگ لاہور کے پتے پر جاری کیا گیا ہے جس میں انہیں صبح 9 بجے عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔ دریں اثنا حدیبیہ پیپر ملز کیس میں اپیل کا فیصلہ سپریم کورٹ کے مانیٹرنگ جج کی ہدایت پر کھولا جا رہا ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق مانیٹرنگ جج نے 12 ستمبر کو پانامہ فیصلے پر نیب کارروائی کا جائزہ لیا۔ جسٹس اعجازالاحسن کے سامنے ڈپٹی چیئرمین نیب امتیاز تاجور سمیت تین افسر پیش ہوئے۔ ذرائع کے مطابق نیب ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں ریفرنس پر اپیل دائر کرنے کی منظوری نہیں لی گئی۔ چیئرمین نے کیس پر اپیل کی ہدایت کی۔

ای پیپر-دی نیشن